بھارت میں ’اچھے کتے‘ نیلے رنگ میں

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی کی بہیڑی تحصیل کے گاؤں میں اچھے کتوں کو اب ان کے ’اچھے مزاج‘کے لیے نیلے رنگ میں رنگا جائے گا۔
اس سے ان کی ان خونخوار کتوں سے الگ شناخت ہو سکےگی جو اب تک بہیڑی میں چھ بچّوں کی موت کا سبب بن چکے ہیں۔
دریائے كچّھا کے پہلو میں بسا بیہڑی ریاست اتراکھنڈ کے ترائی کے جنگلوں سے متصل ہے اور بریلی کے ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
تقریبا ڈیڑھ ماہ سے جنگلی کتّوں کے ریوڑ نے بہیڑی میں دہشت پھیلا رکھی ہے۔
ان کتوں کے کاٹنے سے اب تک علاج کے دوران ہی پانچ بچوں کی موت ہو چکی ہے۔ مقامی ہسپتال میں جمعے کی صبح ایک اور متاثرہ بچہ علاج کے دوران چل بسا۔
اب ضلع انتظامیہ نے کاٹنے والے کتوں کے خلاف مہم شروع کی ہے۔ بریلی کے ضلع مجسٹریٹ ہفتہ کے روز بہیڑی کا دورہ کرنے والے ہیں۔
گاؤں کے لوگ اور مقامی انتظامیہ نہیں چاہتی کہ پرسکون مزاج کے کتّوں کو مارا جائے تاہم مسئلہ یہ تھا کہ حملہ آور جنگلی کتوں کی شناخت کیسے کی جائے۔

،تصویر کا ذریعہ
اسی وجہ سے بہیڑی کےگاؤں والے اب ایسے’اچھے‘ کتوں کو نیلے رنگ میں رنگ دیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کتوں کو رنگنے کی ذمہ داری بریلی کے ایس ڈی ایم رامیشور ناتھ تیواری کو سونپی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا ’کتوں پر ایسے رنگ ڈالا جائے گا جس سے ان کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ رنگ چھوٹ جانے پر دوبارہ رنگ ڈالا جائے گا۔‘
اسی مہم کے تحت جمعرات کو آٹھ کتوں کو پکڑ کر انہیں بہیڑی سے دور چھوڑا گیا ہے۔
بریلی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ارون کمار نے بی بی سی کو بتایا ’بہیڑي کے کچھ گاؤں میں جنگلی کتوں کے کاٹنے سے چھ بچے ہلاک ہو چکے ہے۔ کاٹنے والے کتوں کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں، لیکن جو کتے سیدھے سادے ہیں ان کے ساتھ رحیمانہ برتاؤ ہو نا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا ’جن کتوں پر رنگ نہیں ہوگا انہیں انتظامیہ اور محکمۂ جنگلات کے ملازمین پكڑیں گے اور بہیڑی سے دور دراز علاقوں میں چھوڑ کر آئیں گے۔‘
ارون کمار نے کہا کہ کتوں کا یہ ریوڑ عموماً تنہا بچے یا اکیلی عورت پر حملہ کرتا ہے۔







