امریکی صدر براک اوباما بھارت کے دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکی صدر براک اوباما تین روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو بھارتی دارالحکومت دہلی پہنچے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جن کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔
نئی دہلی میں انڈیا گیٹ کے قریب حیدرآباد ہاؤس میں بھارتی وزیر اعظم اور صدر اوباما کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
اس سے پہلے بھارتی وزیر اعظم نے پروٹوکول کے برخلاف امریکی صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ کا اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی کا مظاہرہ کیا اور گلے ملے۔
صدر اوباما پروگرام کے مطابق راشٹرپتی بھون یعنی ایوان صدر پہنچے جہاں روایتی طور پر انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
بھارت کے صدر پرنب مکھرجی نے صدارتی محل کے صحن میں صدر اوباما کا استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی کابینہ کے کئی ارکان موجود تھے۔
اوباما کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAP
بھارتی کابینہ کے وزرا اور اعلی حکام سے ملاقات کے بعد براک اوباما نے کہا: ’یہ ہمارے لیے باعث عزت ہے اور ہم اس غیر معمولی میزبانی کے لیے شکرگزار ہیں۔‘
صدر براک اوباما نے اس کے بعد راج گھاٹ جا کر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر حاضری دی۔
راج گھاٹ سے اوباما حیدرآباد ہاؤس جائیں گے جہاں دونوں ممالک کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگا اور وہ وزیراعظم نریندر مودی کے ہمراہ مشترکہ طور پر خطاب کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق اس موقعے پر دونوں رہنما تجارت، سکیورٹی، جوہری قوت اور ماحولیات کی تبدیلی پر بات کریں گے۔
براک اوباما کو بھارت کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقد تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
ان کا خصوصی طیارہ ایئرفورس ون بھارتی وقت کے مطابق صبح پونے دس بجے دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر اترا۔
اتوار کی رات بھارتی صدر پرنب مکھرجي نے براک اوباما اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں صدارتی محل میں خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا ہے۔
وہ اپنے اس دورے میں نریندر مودی کے ساتھ عوام سے ریڈیو پر بھی خطاب کریں گے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
دہلی میں بی بی سی کی گیتا پانڈے کا کہنا ہے کہ جس مقام پر پیر کو یومِ جمہوریہ کی پریڈ منعقد ہونا ہے وہاں عموماً سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوتے ہیں لیکن اس مرتبہ یہ انتظامات انتہائی سخت ہیں۔
انڈیا گیٹ اور راج پتھ کا علاقہ گذشتہ کئی دن سے عوام کے لیے ممنوع علاقہ بنا ہوا ہے اور یہاں ہزاروں اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب امریکی صدر اتنی دیر تک کھلے آسمان تلے کسی تقریب میں اتنی دیر تک شریک رہیں گے۔
اوباما نے واشنگٹن میں اپنی حلف برداری کی تقریب میں تقریباً 40 منٹ گزارے تھے جبکہ راج پتھ پر یوم جمہوریہ کی تقریب دو گھنٹے تک چلے گی۔
بھارتی دارالحکومت کے موریا شیریٹن اور تاج محل ہوٹل کی بھی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اوباما اور ان کی ٹیم ان میں سے کسی ایک ہوٹل میں قیام پذیر ہوگی۔ سکیورٹی کی وجہ سے اوباما کی حتمی قیام گاہ کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہPTI
بی بی سی ہندی کے سلمان راوی کے مطابق امریکی صدر کے دورے پر دہلی کی عوام میں کافی جوش ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ کی تقریب میں امریکی صدر کی پہلی بار شرکت اس بات کا اشارہ ہے کہ اب بھارت دنیا کی بڑی طاقتوں سے آنکھ سے آنکھ ملا کر بات کرنے کی حیثیت رکھنے لگا ہے۔
تاہم کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جن کے خیال میں اوباما کے اس دورے کا زیادہ فائدہ امریکہ کو ملے گا نہ کہ بھارت کو۔
براک اوباما کے دورۂ بھارت کے طے شدہ شیڈول میں بھی سنیچر کو تبدیلی کی گئی ہے اور اب وہ تاج محل دیکھنے آگرہ نہیں جائیں گے۔
وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری جوش ارنسٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما کو تاج محل نہ جا پانے کا افسوس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کے انتقال کے بعد اوباما نئے شاہ سلمان سے مل کر تعزیت کرنا چاہتےہیں۔







