چین میں سینئر انٹیلجنس افسر کے خلاف تحقیقات کا آغاز

،تصویر کا ذریعہGetty
چین نے تصدیق کی ہے کہ انٹیلی جنس کے سربراہ ما جیان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔
چین کی کیمونسٹ پارٹی میں نظم و ضبط کے نگران ادارے نے کہا ہے کہ ما جیان پر شبہہ تھا کہ وہ قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوئے ہیں۔
ماجیان کے خلاف تحقیقات چین میں حکمران جماعت کے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں سب سے تازہ کارروائی ہے۔
ما جیان قومی سلامتی کی وزارت یا سٹیٹ سکیورٹی منسٹری میں نائب وزیر کے عہدے پر فائز ہیں۔اس منسٹری کے فرائض میں خارجی اور ملک کے خلاف سازشوں کی نگرانی شامل ہیں۔
ان تحقیقات کے بارے میں کیمونسٹ پارٹی کی سنٹرل ڈسپلن انسپکشن کی ویب سائٹ پر جاری کیےگئے ایک بیان میں جاری کیا گیا ہے۔ اس بیان میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں لیکن یہ بیان جس انداز میں لکھا گیا ہے اس سے اخذ کیا جا سکتا ہے کہ انٹیلی جنس چیف کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔
بیجنگ میں بی بی سی کے نامہ نگار جان سدورتھ کا کہنا ہے کہ ما جیان کے خلاف ابھی تک باقاعدہ چارج شیٹ سامنے نہیں آئی ہے لیکن اس طرح کے مقدمات میں مجرم قرار پانا ناگزیر ہے۔
رواں مہینے کے شروع میں ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ میں چھپنے والی ایک خبر کے مطابق انٹیلی جنس سربراہ کے خلاف تحقیقات ٹیکنالوجی کی ایک بڑی کمپنی کے ساتھ معاملات سے متعلق ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے 2012 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد کمیونسٹ پارٹی میں کرپشن کے خاتمے کا عزم کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چین میں حالیہ مہینوں میں کئی اعلی عہدیداروں کو کرپشن کے الزامات کے تحت اپنے عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔
ان عہدیداروں میں سب سے سینیئر عہدیدار مسنٹری آف پبلک سکیورٹی کے سربراہ زو یان گانگ ہیں۔ اسی ماہ میں چین کے اسسٹنٹ وزیر خارجہ زانگ کنشنگ کے خلاف بھی تحقیقات کا اعلان کیا گیا تھا۔







