مودی کا ٹویٹ: ’اللہ آپ کو صحت دے‘

یہ بات نریندر مودی نے نواز شریف کی بیٹی مریم شریف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنیہ بات نریندر مودی نے نواز شریف کی بیٹی مریم شریف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھی

پچیس دسمبر کو بھارت کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سالگرہ ہے تو اسی دن پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی بھی سالگرہ ہے۔

جہاں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے واجپئی کو سالگرہ کی مبارکباد دی ہے، وہیں وہ نواز شریف کو بھی نہیں بھولے۔

اپنے ٹوئٹر اكاؤنٹ پر مودی نے لکھا ’ان کی سالگرہ پر میں نواز شریف کو مبارک باد دیتا ہوں اور خدا سے دعا کرتا ہوں کہ ان کو صحت دے۔‘

یہ بات انھوں نے نواز شریف کی بیٹی مریم شریف کو ٹیگ کر کے لکھی۔

یہ پیغام نریندر مودی نے تقریباً سات گھنٹے قبل ٹویٹ کیا ہے تاہم مریم شریف کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

2014 میں جب مودی نے بطور وزیر اعظم حلف لیا تھا تو انہوں نے نواز شریف کو بھی دہلی مدعو کیا تھا۔ دونوں کی ملاقات بھی ہوئی اور گرمجوشی بھری باتیں بھی ہوئیں۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے سارک اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیکریٹری سطح کے مذاکرات منسوخ کیے گئے ہیں لیکن ’اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ سلام دعا سے بھی گئے۔‘

وزیر اعظم نے سارک کانفرنس کے آخری روز بھارتی ہم منصب سے مصافحے کے بارے میں کہا کہ ’کچھ الفاظ انھوں نے کہے اور کچھ میں نے کہے۔‘