ہلمند میں طالبان کے بینک پر حملے میں 10 ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
افغانستان کے صوبہ ہلمند میں حکام کے مطابق ایک بینک پر طالبان کے حملے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا جبکہ دیگر تین حملہ آور سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارے گئے۔
صوبہ ہلمند کے علاقے لشکر گاہ میں واقع بینک میں حملے کے وقت کافی ہجوم تھا کیونکہ سرکاری ملازمین اپنے تنخواہیں لے رہے تھے۔
افغانستان میں حالیہ ہفتوں طالبان نے اپنے حملوں میں ایک ایسے وقت اضافہ کیا ہے جب ملک سے غیر ملکی افواج کے انخلا کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان عمر زواک نے صحافیوں کو حملے کے بارے میں بتایا کہ پہلے ایک خودکش حملہ آور نے خود کو بینک کے دروازے کے سامنے اڑا دیا جبکہ اس کے ساتھ ہی مسلح حملہ آور بینک میں داخل ہو گئے۔
صوبے میں پولیس کے ترجمان نے فرید عبید کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ اس واقعے میں کم از کم 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز پر افغانستان میں نیٹو کے 13 سالہ جنگی مشن کے خاتمے کی تقریب منعقد ہوئی۔
افغانستان میں جنگی مشن کے عروج میں 50 ممالک سے تعلق غیر ملکی فوجیوں کی تعداد ایک لاکھ تیس ہزار تک تھی لیکن اب یکم جنوری تک ان فوجیوں کی تعداد کم ہو کر 13 ہزار رہ جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ملک میں رہ جانے والے غیر ملکی فوجیوں افغان فوج کی تربیت میں مدد کریں گے۔







