بھارت: بنگلور میں تین سالہ طالبہ سے ریپ

،تصویر کا ذریعہAP
جنوبی بھارت کے معروف شہر بنگلور کے ایک سکول میں کے جی (درجۂ اطفال) میں پڑھنے والی ایک طالبہ کے ساتھ ریپ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
متاثرہ لڑکی کی عمر تین سال دس ماہ ہے اور یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے شمالی علاقے کے ایک سکول میں گذشتہ روز منگل کو پیش آيا۔
سکول سے واپس آنے کے بعد متاثر بچی نے اپنے والدین سے ’سکول کے انکل‘ کی وجہ سے ہونے والے درد کی شکایت کی۔
والدین نے جب بچی کے درد کی جگہ کو دیکھا تو اس کے جنسی اعضا کے ارد گرد نشانات دیکھے۔ اس کے بعد انھوں نے پولیس سے رجوع کیا اور شکایت درج کرائی۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ میڈیکل رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے۔
پولیس کمشنر ایم این ریڈی نے بی بی سی کو بتایا: ’ہم نے سکول کے تمام ملازمین سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ ہم سکول کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔‘

ریڈی نے مزید بتایا: ’بچوں کے خلاف جنسی جرائم سے متعلق قانون کی دفعہ چار اور چھ کے تحت ہم نے ریپ کا مقدمہ درج کیا ہے۔‘
تین ماہ پہلے بنگلور ہی میں ایک دوسرے سکول میں چھ سال کی بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ سامنے آیا تھا اور لوگوں نے اس کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرہ کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے بعد پولیس نے سکولوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی تھیں۔
دو سال قبل دہلی میں ایک چلتی بس میں گینگ ریپ کے واقعے پر بھارت میں جنسی تشدد اور ریپ کے واقعات کے خلاف ملک گیر پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے اور اس کے تعلق سے قانون سخت کیے گئے تھے۔







