پاکستانی گولف ٹیم کو سری نگر میں بچا لیا گیا

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے حالیہ سیلاب گذشتہ پچاس سال کے سب سے تباہ کن سیلاب میں شمار کیا جا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبھارت کے زیر انتظام کشمیر کے حالیہ سیلاب گذشتہ پچاس سال کے سب سے تباہ کن سیلاب میں شمار کیا جا رہا ہے

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے سری نگر کے سیلاب زدہ علاقے سے 28 رکنی پاکستانی گولف ٹیم اور نیپال کے مندوبین کی ایک ٹیم کو بچا لیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق فوجی اہلکار نے بتایا کہ پاکستانی گولف ٹیم جنوبی ایشیائی ممالک کی علاقائی تعاون تنظیم سارک کے تحت منعقد کیے جانے والے ایک گولف ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے سری نگر آئی ہوئی تھی، جبکہ 17 رکنی نیپالی وفد ایک سرکاری دورے پر وہاں آیا ہوا تھا جس میں نیپال کے سفیر بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کے زیر انتظام کشمیر ان دنوں تباہ کن سیلاب کی زد میں ہیں اور وہاں زبردست جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، ٹیلی مواصلات کا نظام درہم برہم ہے اور اشیائے خوردنی اور پینے کے پانی کی کمی باعث تشویش ہے۔

بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کے مطابق سری نگر کے ایک ہوٹل میں پاکستان کی ایک 28 رکنی ٹیم پھنسی ہوئی تھی جس میں مردوں اور خواتین کے ساتھ ایک دس سالہ بچی اقصیٰ جمشید بھی تھی۔

اطلاعات کے مطابق گذشتہ 50 سال میں آنے والے اس سب سے زیادہ تباہ کن سیلاب میں اب تک بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بی بی سی کے نمائندے فیصل علی کے مطابق سیلاب سے علاقے کے 2500 گاؤں متاثر ہوئے ہیں جبکہ 450 گاؤں پوری طرح سے غرقاب ہیں۔

کشمیر میں فوج کی جانب سے امدادی کام تو جاری ہیں لیکن مقامی اپنی مدد آپ کے تحت جان بچانے میں لگے ہوئے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکشمیر میں فوج کی جانب سے امدادی کام تو جاری ہیں لیکن مقامی اپنی مدد آپ کے تحت جان بچانے میں لگے ہوئے ہیں

امدادی کاموں میں بھارتی فوج نے 20 ہزار سے زیادہ جوان تعینات کر رکھے ہیں اس کے علاہ 79 طیارے لوگوں کو بچانے اور انھیں اشیائے خوردنی فراہم کرانے میں لگے ہیں۔

بھارتی اخبار کے مطابق سارک ٹورنامنٹ کے رد کیے جانے کے بعد پاکستانی ٹیم کو بچا کر سری نگر کے بادامی باغ کینٹونمنٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سے انھیں لاہور بھیجنے کا انتظام کیا جا رہا ہے جبکہ فوج نے ان کے پاسپورٹ کی تفصیلات درج کر لی ہیں۔

اخبار کے مطابق ٹیم کے اراکین نے اس غیر متوقع امداد کے لیے بھارتی فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔

فوج نے 200 سے زیادہ کشتیاں امدادی کاموں لگا رکھی ہیں جبکہ 79 طیارے اس کے لیے تعینات ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنفوج نے 200 سے زیادہ کشتیاں امدادی کاموں لگا رکھی ہیں جبکہ 79 طیارے اس کے لیے تعینات ہیں

اخبار کے مطابق لاہور کینٹونمنٹ کے طارق ملک نے کہا: ’عام طور پر بھارتی فوج کے بارے لوگوں کا خیال دوسری طرح کا ہے لیکن جس ترتیب کے ساتھ ہمیں وہاں سے نکالا گیا ہےاس کے لیے ہم اس کے شکر گزار ہیں۔‘

دہلی میں وزارت دفاع کی ایک پریس ریلیز کے مطابق مسلح افواج اور ڈی آر ایف نے ابھی تک 47 ہزار سے زیادہ لوگوں کو بچایا ہے۔

اس میں یہ بھی کہا گيا ہے کہ غذائی قلت کے پیش نظر دہلی، احمد آباد اور حیدرآباد جیسے شہروں سے بڑے پیمانے پر کشمیر کے لیے پکے ہوئے کھانے روانہ کیے جا رہے ہیں۔