کمسن لڑکیوں کا قتل، دو پولیس اہلکار برطرف

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے شمالی ریاست اترپریش میں دو لڑکیوں کے ساتھ مبینہ اجتماعی ریپ کے بعد درخت سے لٹکا کر قتل کرنے کے واقعے کی اترپردیش حکومت سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔
جمعے کو ریاست کے ضلع بدایوں کے كٹرا گاؤں میں دو لڑکیوں کے قتل کے واقعے میں تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جس میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی شامل ہے۔
دو پولیس اہلکاروں کو لڑکیوں کی بازیابی میں مدد نہ کرنے اور اس سلسلے میں مجرمانہ سازش میں شریک ہونے کے الزام میں برطرف کیا گیا ہے۔
اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹی بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے اترپردیش میں صدر راج کا مطالبہ کیا ہے۔
مایاوتی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ریاست میں پھیلے ’جنگل راج‘ کا ثبوت ہے جبکہ حکومت قانون قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
یہ دونوں نابالغ لڑکیاں چچا زاد بہنیں تھی اور ان میں سے ایک کی عمر 14 اور دوسری کی 15 سال تھی۔ملزمان نے مبینہ طور پر ریپ کے بعد دونوں لڑکیوں کو آم کے درخت پر لٹکا دیا جس سے ان کی موت ہو گئی۔

،تصویر کا ذریعہAP
اس واقعہ سے مشتعل گاؤں والوں نے آٹھ گھنٹے کے بعد مناسب کارروائی کی یقین دہانی کے بعد پولیس کو درخت سے لڑکیوں کی لاشیں اتارنے دیں۔
مرکز میں نئی حکومت قیام کے چوتھے دن ہی اس واقعے سے پیدا ہونے والی غم و غصے اور اشتعال کے چیلنج کا سامنا کرتی نظر آ رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
غور طلب ہے کہ حکمران سماج وادی پارٹی کے رہنما ملائم سنگھ یادو نے انتخابی مہم کے دوران عصمت دری کے لیے موت کی سزا کی فراہمی پر کہا تھا کہ لڑکوں سے غلطی ہو جاتی ہے اس کے لیے انھیں کیا پھانسی پر لٹكائےگے؟
دسمبر 2012 میں دہلی میں طالبہ کے ساتھ اجتماعی ریپ کے واقعے کے بعد جنسی زیادتی سے متعلق قوانین میں تبدیلی کی گئی تھی۔
دہلی میں اتر پردیش کی حکومت کے دفتر کے باہر انسانی حقوق کی تنظیموں، طالب علم تنظیموں اور کئی دیگر سماجی تنظیموں نے جمعے کو مظاہرہ کیا۔ سماجی کارکنوں نے انتظامیہ اور حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جنسی تشدد کے معاملات سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کر رہی۔







