مودی وزارتِ عظمیٰ کا حلف 26 مئی کو اٹھائیں گے

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارتی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنی والی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ نریندر مودی 26 مئی کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔
نریندر مودی نے بھارتی صدر پرنب مکھرجی سے ملاقات کی اور صدر نے باضابطہ طور پر انھیں حکومت بنانے کی دعوت دی۔ اس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کے 282 اراکین اسمبلی نے نریندر مودی کو پارلیمانی لیڈر منتخب کیا۔
فی الوقت نریندر مودی اپنی کابینہ کو حتمی شکل دینے کے لیے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بی جے پی کسی سے اتحاد کیے بغیر حکومت بنا سکتی ہے۔ سادہ اکثریت کے لیے 272 اراکین کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ بی جے پی کے 282 اراکین ہیں۔
نریندر مودی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حلف برداری کی تقریب 26 مئی کو بھارتی وقت کے مطابق شام چھ بجے ہو گی۔
اسی تقریب میں چند سینیئر وزرا بھی حلف اٹھائیں گے۔
منگل کو بی جے پی کے نومنتخب اسمبلی کے اراکین نے مودی کو پارلیمانی لیڈر منتخب کیا جس کے لیے بی جے پی کے سینیئر رہنما ایل کے اڈوانی نے مودی کو نامزد کیا۔
پارلیمانی لیڈر منتخب ہونے کے بعد نریندر مودی نے جماعت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں بے جے پی کی کامیابی کے بعد عوام کا جمہوریت پر اعتبار بحال ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نریندر مودی خطاب کے دوران اپنے استاد اور سینیئر رہنما ایل کے اڈوانی کا ذکر کرتے ہوئے اشک بار ہو گئے اور انھوں نے وعدہ کیا کہ وہ جماعت اور ملک کا ماں کی طرح خیال رکھیں گے۔
نریندر مودی دہلی سے گجرات روانہ ہوں گے جہاں وہ جلسے سے خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ کانگریس جماعت کو 543 میں سے صرف 44 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔







