کمل ہاسن، ودیابالن، یوراج کے لیے پدم ایوارڈز

ودیا بالن کو فلم میں ان کی خدمات کے اعتراف میں باوقار شہری اعزاز پدم شری سے نوازے جانے کا اعلان کیا گيا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنودیا بالن کو فلم میں ان کی خدمات کے اعتراف میں باوقار شہری اعزاز پدم شری سے نوازے جانے کا اعلان کیا گيا ہے

بھارت کی مرکزی حکومت نے یوم جمہوریہ کے موقعے سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے مختلف افراد کے لیے ملک کے اعلیٰ ترین شہری ایوارڈز پدم بھوشن، پدم ویبھوشن اور پدم شری دینے کا اعلان کیا ہے۔

ان میں معروف اداکار کمل ہاسن، اداکارہ ودیا بالن، کرکٹر یوراج سنگھ، ادیب رسکن بونڈ، سابق بیڈمنٹن کھلاڑی پولیلا گوپی چند جیسے نام شامل ہیں۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس سال دو پدم ویبھوشن، 24 پدم بھوشن اور 101 پدم شری ایوارڈز دیے جائیں گے۔

یہ ایوارڈز عام طور پر مارچ اور اپریل کے دوران ایوان صدر میں منعقد کی جانے والی تقریب میں صدر کے ہاتھوں دیے جاتے ہیں۔

بیان کے مطابق اس سال پدم ویبھوشن ایوارڈ سائنس اور انجینئرنگ کے شعبے میں ڈاکٹر رگھوناتھ اے ماشلیكر اور یوگا کے شعبے میں بي کے ایس آینگر کو دیا جائے گا۔

کرکٹر یوراج سنگھ کو کھیل اور بطور خاص کرکٹ کے میدان میں ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکرکٹر یوراج سنگھ کو کھیل اور بطور خاص کرکٹ کے میدان میں ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے

اعلیٰ معیار کی مخصوص خدمات کے لیے اس سال جن لوگوں کو پدم بھوشن اعزاز سے نوازا جا رہا ہے ان میں انگریزی کے معروف ادیب رسکن بونڈ ، بیڈمنٹن کے قومی کوچ پولیلا گوپی چند اور ٹینس کھلاڑی لینڈر پیز کے علاوہ اداکار کمل ہاسن اور گلوکارہ پروین سلطانہ کے نام شامل ہیں۔

اس کے بعد والے اعزاز پدم شری کے لیے جن لوگوں کے نام کا اعلان ان میں ریت سے پینٹنگ بنانے والے فن کار سدرشن پٹنائک ، سینیمیٹوگرافر سنتوش سیون، فلم اداکار پاریش راول، اداکارہ ودیا بالن، مزاحیہ شاعر پروفیسر اشوک چكردھر، دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر دنیش سنگھ، ہندوستانی خاتون کبڈی ٹیم کے کوچ سنیل ڈباس، خواتین کرکٹر انجم چوپڑہ، کرکٹر یوراج سنگھ کے نام شامل ہیں۔

اس ایوارڈز کے اعلان کے بعد اداکارہ ودیا بالن نے کہا کہ یہ ان کے لیے فخر کی بات ہے اور پدم شری اعزاز ملنے کے اعلان سے وہ بہت خوش ہیں۔ انھوں نے اس ایوارڈ کو اپنے خاندان کے نام منسوب کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’میں بہت خوش ہوں، میری حوصلہ افزائی ہوئی ہے، فرط جذبات سے مغلوب ہوں، فخر محسوس کر رہی ہوں، اپنے جذبات کو الفاظ دینے سے قاصر ہوں۔‘

اداکار کمل ہاسن نے کہا کہ پدم بھوشن اعزاز کے اعلان سے انھیں مزید اچھا کام کرنے کی ترغیب ملی ہے۔

اداکار کمل ہاسن نے کہا کہ پدم بھوشن اعزاز کے اعلان سے انھیں مزید اچھا کام کرنے کی ترغیب ملی ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشناداکار کمل ہاسن نے کہا کہ پدم بھوشن اعزاز کے اعلان سے انھیں مزید اچھا کام کرنے کی ترغیب ملی ہے

ایک بیان میں ہاسن نے کہا: ’مجھے ایک ہندوستانی ہونے پر فخر ہے۔ بھارت مختلف شعبوں میں عظیم شخصیات والا ملک ہے۔ جب بہت سے لوگ اس اعزاز کے منتظر ہوں اور اس وقت مجھے میری حکومت پدم بھوشن سے میری حوصلہ افزائی کرے تو اس سے بہتر کیا ہو سکتا ہے۔‘

مرکزی حکومت نے توہمات کے خلاف مہم چلانے والے ڈاکٹر نریندر اچیوت دابھولكر کو بعد از مرگ پدم شری انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

ان کے علاوہ اس سال تین امریکی شہریوں اور جاپان کے ایک شہری کو پدم شری سے نوازے جانے کا اعلان کیا گيا ہے۔

پدم شری حاصل کرنے والے امریکی شہریوں میں اشوک کمار مانگو ( تجارت اور صنعت ) ، سدھارتھ مکھرجی ( طب ) اور ڈاکٹر وامسي متھا ( طب) شامل ہیں۔

جبکہ جاپان کے شہری ڈاکٹر سینگاكو مايدا کو ادب اور تعلیم کے شعبے میں ان کی خدمات کے لیے پدم شری ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔