آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
چین: رستوران میں کھانے سے مرا ہوا چوہا برآمد، حصص میں دو کروڑ ڈالر کا نقصان
چین میں ایک معروف رستوران کو بازار حصص میں تقریباً دو کروڑ ڈالر کا نقصان اور خفت کا سامنا کرنا پڑا جب وہاں آنے والی ایک صارف کو اپنے کھانے میں مرا ہوا چوہا ملا۔
چینی ہاٹ پاٹ رستوران ژیابو ژیابو کے حصص اپنے سال بھر کی سب سے نچلی سطح پر گر گئے جب وہاں کھانے میں ملنے والے چوہے کی تصویر انٹرنیٹ پر پھیل گئی۔
شینڈونگ صوبے میں واقع رستوران وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیئے
مبینہ طور پر رستوران نے متاثرہ صارف کو پانچ ہزار یوان رقم بطور تلافی ادا کرنے کی پیشکش کی۔
مقامی خبر رساں ادارے نے متاثرہ خاتون کے خاوند سے بات کی جنھوں نے کہا کہ رستوران کا دیا ہوا معاوضہ ٹھکرا دیا گیا ہے کیونکہ وہ اپنی حاملہ بیوی کا مکمل طبی معائنہ کروانا چاہتے ہیں اور اس کے بعد تلافی کی رقم کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔
خاتون چھ ستمبر کو اپنے خاندان کے ساتھ اس رستوران گئیں جہاں انھوں نے اپنے کھانے کے چند نوالے لیے تھے جب انھیں اس میں سے مرا ہوا چوہا نظر آیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان خاتون کے شوہر نے رستوران کے عملے پر الزام لگایا کہ انھوں نے ان کی بیوی کو کہا کہ اگر وہ اپنے ہونے والے بچے کی صحت کے لیے اتنی پریشان ہیں تو وہ اسقاط حمل کرا لیں اور اس کے لیے 20000 یوان کی پیشکش کی۔
رستوران نے واقعے کے بعد اتوار کو بیان جاری کیا تھا جس میں انھوں نے کہا کہ 'صفائی کا انتظام پورا تھا اور اس کی وجہ سے چوہا کھانے میں نہیں گرا تھا' لیکن بعد میں انھوں نے اپنے بیان کو واپس لے لیا۔
حکام نے کہا ہے کہ رستوران کی اس برانچ جہاں سے چوہا ملا تھا وہاں مکمل تفتیش کی جائے گی۔