چین میں چوری کے ڈر سے خاتون بیگ کے ساتھ ایکسرے مشین میں گھس گئی

چین میں ایک خاتون ٹرین سٹیشن پر سکیورٹی جانچ کے دوران چوری کے ڈر سے اپنے بیگ کے ساتھ ہی ایکسرے مشین میں گھس گئیں۔

جنوبی چین کے دونگوان ریلوے سٹیشن کا عملہ اس وقت سکتے میں آ گیا جو انھوں نے سامان کی جانچ کرنے والی ایکسرے مشین میں انسانی عکس دیکھا۔

یہ واقعہ اتوار کو قمری سالِ نو کے موقع پر سفر کرنے والوں کے رش کے دوران پیش آیا جس کی ویڈیو آن لان شیئر کی گئی۔

اس خاتون نے کنویئر بیلٹ پر چڑھ کر اپنے بیگ کا تحفظ کیا۔

اسی بارے میں دلچسپ خبریں

ان غیر معمولی ایکسرے کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے یہ خاتون ہاتھوں اور پیروں کے بل اپنے سامان کے ساتھ موجود ہیں جبکہ انھوں نے اونچی ایڑھی والے جوتے پہن رکھے ہیں۔

یہ واضح نہیں ہے کہ یہ خاتون اپنے سامان کے لیے اتنی بے چین کیوں تھیں تاہم چین میں کئی لوگ سال نو کے موقع پر گھر جاتے ہوئے بڑی مقدار میں کیش لے کر سفر کرتے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس سے پہلے اس خاتون نے بیگ سمیت سکیورٹی سکینر سے گزرنے کی کوشش کی جس پر عملے کے رکن نے ان کے سوٹ کیسز لے کر کنویئر بیلٹ پر ڈالے۔

انہیں بتایا گیا کہ تمام بیگز کو ایکسرے مشین سے گزرنا ہوگا لیکن انھوں نے اپنے دستی بیگ کو خود سے الگ کرنے سے انکار کر دیا۔

انھوں نے اس کا حل یہ نکالا کے وہ بیگ سمیت ایکسرے مشین میں گھس گئیں۔ جس پر ایک گارڈ حیرت سے ہنستا رہ گیا۔

اس واقعے کے بعد دونگوان ریلوے سٹیشن کے عملے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی دوبارہ ایکسرے مشین میں گھسنے کی کوشش نہ کرے کیونکہ اس کی شعاعوں کے خطرناک اثرات ہو سکتے ہیں۔