آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’تاج محل مغل لٹیروں کی نشانی ہے: بی جے پی رہنما
انڈیا میں حکمراں جماعت بی جے پی کے ایک سینئیر رہنما سوم سنگیت نے کہا ہے کہ انڈیا کی تاریخ میں تاج محل کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
بی جے پی کے رہنما نے کہا کہ تاج محل کی عمارت کو ایک ایسے بادشاہ نے بنوایا ہے جس نے ہندوؤں کا قتل عام کیا تھا۔انہوں نے انڈیا کے مغل بادشاہوں کو 'لٹیرے' اور 'غدار' قرار دیا۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب چند ہفتے قبل اتر پردیش کی حکومت نے تاج محل کو محمکمہ سیاحت کے کتابچے سے ہٹا دیا ہے ۔
سوم سنگیت نے میرٹھ میں ایک ریلی سے خطاب ہوئے کہا کہ مغل بادشاہوں بابر، اکبر ،شاہجہان اور اورنگزیب کو لٹیرے اور غدار قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ان کا نام انڈیا کی تاریخ سے مٹا دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شاہجہان انڈیا کے سبھی ہندوؤں کو ختم کرنا چاہتا تھا اور ایسے حکمران کی عمارت ہندوستان کی تاریخ کا حصہ نہیں ہو سکتی۔
سوم سنگیت نے کہا کہ بہت لوگوں کو درد ہوا جب تاج محل کو محکمہ سیاحت کے کتابچے سے ہٹایا گیا۔
سوم سنگیت نے کہا کہ گذشتہ سالوں میں تاریخ کو مسخ کر دیا گیا تھا اور اب اسے ٹھیک کیا جا رہا ہے۔ بقول ان کے بھگوان رام سے بھگوان کرشن تک مہارانا پرتاب سے شیو جی تک سبھی کو صحیح مقام تک لایا جا رہا ہے۔ اکبر اورنگزیب اور بابر کے کلنگ کو ہٹایا جا رہا ہے۔
ان کے اس بیان کو بی جے پی کے قومی ترجمان نسیون جی نے حمایت کی ہے۔ 'سچائی یہ ہے کہ مسلم لیڈروں اور مغلوں نے اس دیش کو برباد کیا ہے۔انڈیا کی تہذیبی قدروں پر وار کیا۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم پارٹی کے ایک ترجمان نریند کوہلی نے تاج محل سے متعلق سوم سنگیت کے بیان کو ان کا ذاتی خیال قرار دیا۔
نریند کوہلی نے کہا: تاج محل بھارت کی تاریخ کا حصہ ہے ۔ جو واقعات ہوئے ہیں انھیں تاریخی پس منظر میں دیکھنا چاہیے اور اسے مٹایا نہیں جا سکتا۔
مجلس اتحاد مسلمین کے رہنما اور رکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے ایک پرائیوٹ ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ سوم سنگیت نے جو کہا ہے وہ بی جے پی کے بنیادی نظریے کا حصہ ہے اور انتخابات کے پیش نظر معاشرے میں منافرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ کیا مسٹر مودی لال قلعے کی فصیل سے بھارتی جھنڈا لہرانا بند کر دیں گے۔ لال قلعہ بھی غداروں کا بنایا ہوا ہے۔ اور اگر حکومت میں دم ہے تو یونیسکو سے کہے کہ تاج محل کو ثقافتی ورثے کی فہرست سے نکال دے۔
تاج محل دنیا کی حسین ترین عمارت تصور کیا جاتا ہے اور ہر سال لاکھوں سیاح ہر سال اس عمارت کو دیکھنے کے لیے بھارت آتے ہیں۔