آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
چین میں ’ٹرمپ نما مرغ کا مجسمہ‘
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شاید تجارت اور تائیوان کے حوالے سے اپنے بیانات کی وجہ سے چین کو برہم کیا ہے لیکن ایسا دکھائی دیتا ہے کہ انھوں نے چینی عوام میں بھی مقبولیت حاصل کی ہے۔
نئے چینی سال کو مرغ کا سال قرار دیا گیا ہے اور اسی ضمن میں شانزی صوبے کے شہر تائی یوآن کے ایک شاپنگ سینٹر کے باہر ٹرمپ سے مبینہ مشاہبت رکھنے والا ایک مجسمہ نصب کیا گیا ہے۔
اس مجسمے کے ڈیزاینر نے چینی میڈیا کو بتایا کہ وہ ان کے بالوں کے سٹائل اور ہاتھوں کے اشاروں سے متاثر ہوئے تھے۔
چینی نیا قمری سال 28 جنوری سے شروع ہورہا ہے۔
چین میں ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ امریکی نومنتخب صدر اور کسی پرندے کے درمیان مشابہت کو پیش کیا گیا ہو۔
نومبر میں ہینگشو کے ایک سنہری چکور کو اس وقت انٹرنیٹ پر شہرت ملی جب ایک شخص نے اس جانب توجہ دلائی کہ اس پرندے کے سر پر بالوں کا سٹائل اور نیلی آنکھیں ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہت رکھتی ہیں۔
خیال رہے کہ بیجنگ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئے گئے حالیہ چند اقدامات کی وجہ سے نالاں ہے، جن میں ایک چین مخالف ناقد کو تجارتی عہدے پر تعینات کرنا شامل ہیں۔ ٹرمپ نے امریکہ کی طویل المدت ’ون چائنہ‘ پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تائیوان کی صدر سے براہ راست بات بھی کی تھی۔
اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر امریکہ کا زیرسمندر ڈرون چرانے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چینی ذوڈیاک نظام میں مختلف سالوں کو مختلف جانوروں کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔ اس نظام کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کا نشان کتے کا ہے جسے وفادار، ایماندار اور سیاست کے شعبے کے موضوع تصور کیا جاتا ہے تاہم ان خصوصیات کے ساتھ ساتھ اس نشان کو ضدی اور دنیا کو اپنا دشمن سمجھنے کی عادت والا بھی مانا جاتا ہے۔