’علاج پاکستانی ہپستالوں ہی میں کراؤں گا‘

 عبدالستار ایدھی سنہ 2013 سے گردے کے عارضے میں مبتلا ہیں
،تصویر کا کیپشن عبدالستار ایدھی سنہ 2013 سے گردے کے عارضے میں مبتلا ہیں

پاکستان کی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی نے پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کی جانب سے بیرون ملک علاج کروانے کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔

جمعے کو کراچی میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے ہسپتال میں عبدالستار ایدھی سے ملاقات کی اور کہا کہ وہ انھیں علاج کے لیے ملک سے باہر لے کر جانا چاہیے۔

رحمان ملک نے کہا کہ وہ عبدالستار ایدھی کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے دبئی یا لندن لے کر جانا چاہتے ہیں۔

تاہم عبدالستار ایدھی نے جواب دیا کہ وہ پاکستان ہی میں رہنا چاہتے ہیں اور پاکستان کے سرکاری ہسپتالوں سے اپنا علاج کروائیں گے۔

یاد رہے کہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی عمر 90 برس سے زیادہ ہے اور وہ بہت علیل ہیں۔ عبدالستار ایدھی سنہ 2013 سے گردے کے عارضے میں مبتلا ہیں۔

عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی نے بی بی سی کو بتایا کہ اُن کے والد کے گردے ناکارہ ہو گئے ہیں اور وہ ڈایالسِس پر ہیں۔

فیصل کا کہنا ہے کہ پہلے اُن کا ڈایالسِس ہفتے میں دو مرتبہ ہوتا تھا لیکن اب ہفتے میں تین بار انھیں ڈایالسِس کروانا پڑتا ہے۔

سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کراچی میں ایس آئی یو ٹی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ یہ ہسپتال بھی ایک فلاحی تنظیم کے تحت چلایا جاتا ہے۔

فیصل ایدھی نے بتایا کہ اُن کی والد کی طبعیت پہلے سے بہتر ہوئی ہے لیکن اُن کی عمر کی وجہ سے گردے تبدیل نہیں ہو سکتے۔

عبدالستار ایدھی کا شمار پاکستان کے معروف ترین سماجی کارکن میں ہوتا ہے۔