کراچی میں رینجرز کی کارروائی کے دوران خود کش دھماکہ

کراچی میں حالیہ چند ہفتوں میں شدت پسندی کی وارداتوں میں تیزی آئی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکراچی میں حالیہ چند ہفتوں میں شدت پسندی کی وارداتوں میں تیزی آئی ہے
    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کراچی میں اورنگی فقیر کالونی میں پیر کی رات رینجرز کی کارروائی کے دوران دھماکے میں ایک خودکش بمبار ہلاک ہوگیا تاہم رینجرز اہلکار محفوظ رہے۔

پولیس اہلکار پہلے اس دھماکے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے رہے تاہم بعد میں حکام نے خودکش دھماکے کی تصدیق کی۔

ڈی آئی جی فیروز شاہ کا کہنا ہے کہ اورنگی فقیر کالونی میں رینجرز کی کارروائی جاری تھی کہ مبینہ خود کش بمبار نے محاصرہ کیے جانے پر پہلے رینجرز کی گاڑی پر دستی بم پھینکا اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

آئی جی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں رینجرز کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔

کراچی میں گذشتہ شب ہونے والے اس دھماکے کی آواز ناظم آباد اور اورنگی سمیت کئی علاقوں میں سنی گئی۔

دھماکے کے بعد رینجرز کے علاوہ پولیس کی بھی اضافی نفری طلب کر کے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا۔

رینجرز کے اہلکاروں نے اس گھر تک رسائی حاصل کر لی جس میں مشتبہ خود کش بمبار موجود تھا۔

واضح رہے کہ یہ آبادی پہاڑی پر واقعے ہے جہاں تنگ گلیاں بھی واقع ہے۔

پولیس اور رینجرز ماضی میں ان علاقوں میں کالعدم تحرک طالبان کے خلاف کارروائی کرتے رہے ہیں۔

کراچی میں حالیہ چند ہفتوں میں شدت پسندی کی وارداتوں میں تیزی آئی ہے اور گذشتہ جمعے کو بوہری جماعت خانے اور رینجرز کی گاڑی کے قریب بھی موٹر سائیکل میں نصب بم سے دھماکے کیے گئے تھے۔

کراچی میں جاری آپریشن کے دوران شدت پسند تنظیموں کے متعدد کارکنوں کو گرفتار اور مبینہ مقابلوں میں ہلاک بھی کیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔