کراچی میں فائرنگ، ہوٹل کا مالک بیٹوں سمیت ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک ہوٹل کے مالک کو اس کے دو بیٹوں سمیت ہلاک کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ جمعرات کی شب الفلاح تھانے کی حدود میں ملیر بلاک سی میں پیش آیا ہے۔
الفلاح پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد نے مدینہ مارکیٹ میں واقع خیبر ہوٹل پر فائرنگ کی جس میں تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو جناح ہپستال پہنچایا گیا، جہاں شعبۂ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
مقتولین کی شناخت حاجی عبدالوہاب اور فرحان اور عصمت کے نام سے کی گئی ہے جن میں سے فرحان اور عصمت عبدالوہاب کے بیٹے تھے۔
کالعدم مذہبی تنظیم اہل سنت و الجماعت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقتول عبدالوہاب ملیر میں ان کے رہنما تھے اور مخالفین نے انھیں ہدف بنا کر ہلاک کیا ہے۔
پولیس نے بھی اس واقعے کو فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں رینجرز کے آپریشن کے باوجود فرقہ وارانہ بنیادوں پر حملوں اور ہلاکتوں کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گزشتہ جمعرات کو ہی صفورا چورنگی کے قریب اسماعیلی برداری کی بس پر ایسے ہی ایک حملے میں 47 افراد ہلاک ہوئے تھے۔







