لوئر دیر: ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کا امیدوار کامیاب

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, سید انور شاہ
- عہدہ, سوات
خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 95 جندول لوئر دیر میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار اعزاز الملک 18798 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل عوامی نیشنل پارٹی کے بہادر خان 16822 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ نشست جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے سات مئی کو ضمنی انتخاب کے احکامات جاری کیے تھے۔
واضح رہے کہ اس حلقے میں رجسٹرڈ خواتین ووٹروں کی تعداد 53817 ہے، تاہم اس حلقے میں کسی بھی خاتون نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی کے ایم این اے عائشہ سید نے بی بی سی کو بتایا کہ خواتین کے ووٹنگ کے حوالے سے ان کی جماعت کی تیاری بھر پور تھی تاہم علاقائی فیصلوں کا احترام کرنا پڑتا ہے۔
ایم این اے عائشہ سید کے مطابق بعض اوقات خواتین کے ووٹنگ پر پابندی یا تو علاقائی روایت کے وجہ سے ہوتی ہے یا سکیورٹی خدشات کے وجہ سے۔ لیکن انھوں نے واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ اس حلقے میں خواتین کی ووٹ ڈالنے پر پابندی کس وجہ سے تھی۔
علاقے کے بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی خود کو سیکیولر جماعت کہتی ہے اور جماعت اسلامی کا خواتین کا بہت بڑا ونگ ہے جس کے تحت ان کے اجتماعات بھی ہوتے ہیں، لیکن جب خواتین کی ووٹنگ کی بات آتی ہے تو ان کا موقف بدل جاتا ہے۔
اس حلقے میں عوامی نیشنل پارٹی کو جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پیپلز پارٹی کی حمایت تھی جبکہ جماعت اسلامی کو پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی جس کے بعد دو بڑے سیاسی حریفوں عوامی نیشنل پارٹی کے بہادر خان اور جماعت اسلامی کے اعزاز الملک کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع تھی۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا تعلق بھی اس علاقے سے ہے۔ اس کے علاوہ اس ضمنی انتخاب میں پاکستان راہ حق پارٹی کے مولانا ضیا الحق حیدری اور آزاد امیدوار ڈاکٹر عبید الرحمان نے بھی حصہ لیا۔
کل 85 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے جس میں 33 انتہائی حساس ، 42 حساس جبکہ دس کو نارمل قرار دیاگیا تھا۔ پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظانات کیے گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشنوں پر سات سو پولیس اور ایف سی کے دو سو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں سراج الحق اس نشست سے 23 ہزار سے زائد ووٹ لےکر کامیاب ہوئے تھے جبکہ اس وقت عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار حاجی ہدایت اللہ کو 11130 ووٹ ملے تھے۔
ضمنی انتخاب کے باعث پی کے 95 جندول میں عام تعطیل رہی۔







