زہرہ شاہد قتل کیس ہائی کورٹ سے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت منتقل

زہرہ شاہد کو 2013 میں کراچی میں قتل کیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنزہرہ شاہد کو 2013 میں کراچی میں قتل کیا گیا تھا

پاکستان تحریک انصاف کی 2013 میں قتل ہونے والی رہنما زہرہ شاہد کا کیس سندھ ہائی کورٹ سے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں منتقل کر دیا گیا۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت 21 مارچ کو زہرہ شاہد قتل کیس کی سماعت کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ اس کیس میں ملوث ملزموں پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں زہرہ شاہد کے قتل کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کی چشم دید گواہوں نے شاخت کی تھی جن کے نام راشد عرف ماسٹر اور زاہد عباس زیدی بتائے جاتے ہیں۔

پی ٹی آئی نے زہرہ شاہد کے قتل کی مذمت میں کئی روز تک احتجاج کیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپی ٹی آئی نے زہرہ شاہد کے قتل کی مذمت میں کئی روز تک احتجاج کیا تھا

ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو نے راشد عرف ماسٹر کی گرفتاری کے وقت دعویٰ کیا تھا کہ یہ واقعہ ڈکیتی یا لوٹ مار کا نتیجہ نہیں بلکہ سیاسی بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ تھی جبکہ ڈی آئی جی عبدالخالق شیخ کا دعویٰ تھا کہ ملزم راشد ماسٹر کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے، جس کی پیدائش حیدرآباد کی ہے لیکن بعد میں اس کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا تھا۔

تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کو مئی 2013 میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا، جس پر تحریک انصاف کی جانب سے کئی روز تک احتجاج جاری رہا تھا۔