کراچی میں مزید دو تشدد شدہ لاشیں برآمد

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں مزید دو تشدد شدہ لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے جس کے بعد کراچی میں رواں ہفتے ملنے والی لاشوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔
کورنگی صنعتی تھانے کی حدود میں اللہ والا ٹاؤن کے قریب سے دو لاشیں ملی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان ہیں جن کو گولیاں مارکر ہلاک کیا گیا ہے۔ دونوں کی لاشیں جناح ہپستال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئی ہیں۔
ایدھی رضاکاروں کا کہنا ہے کہ دونوں شکل و صورت سے افغانی نظر آتے ہیں، غسل و کفن کے بعد لاشیں رکھ دی گئی ہیں۔
اس سے قبل منگل کو قومی شاہراہ اور سپر ہائی وے کو آپس میں ملانے والی سڑک سے تین لاشیں ملی تھیں، میمن گوٹھ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد قمیض شلوار پہنے ہوئے ہیں جنہیں قریب سے گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو کی عمر 20 سے 25 کے درمیان ہے ، تینوں لاشیں فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سرد خانے میں موجود ہے۔
ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی بھی لاشوں کی شناخت کے لیے نہیں آیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ تینوں کا تعلق کسی شدت پسند گروہ سے ہے۔
واضح رہے کہ اس سال کراچی سے ملنے والی یہ پہلی لاشیں ہیں گذشتہ سال اسی سڑک سے درجن کے قریب لاشیں مل چکی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







