جو کام تین ماہ میں ہو سکتا ہے اس میں سال کیوں لگ رہا ہے: عدالت

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے تین صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو حکم دیا ہے کہ نیا شیڈول جمعرات کو پیش کیا جائے۔
یہ حکم جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پنجاب، خیبر پختوانخوا اور سندھ اور ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات کروانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران دیے۔
عدالت نے کہا کہ جو کام دو سے تین ماہ میں ہو سکتا ہے اس میں سال کیوں لگایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے تین صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا شیڈول سپریم کورٹ میں جمع کروایا تھا۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات 16 مئی کو کروائے جائیں گے اور خیبر پختوانخوا میں بلدیاتی انتخابات 7 جون کو ہوں گے۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ بلدیاتی انتخاب کا شیڈول الیکشن کمیشن کی مشاورت سے عدالت میں جمع کروایا گیا۔
عدالت میں جمع کرائے گئے شیڈول کے تحت سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں کروائے جائیں گے۔ انھوں نے عدالت کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 16 جنوری جبکہ لوکل باڈیز الیکشن کا دوسرا اور تیسرا مرحلہ 20 فروری اور 26 مارچ 2016 کو ہو گا۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ سندھ اور پنجاب میں 40 لاکھ نئے ووٹرز کا اندراج ہو گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکریٹری شیر افگن نے کہا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے موجودہ ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کرواسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر اس ضمن میں ترمیمی آرڈیننس جاری کردیا جائے تو چھاؤنی کے علاقوں میں بھی انتخابات کروائے جاسکتے ہیں اور الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام ضروی اقدامات کر رہی ہے۔
اٹارنی جنرل نے چھاؤنی کے علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے قانون سازی کے لیے دو دن کی مہلت مانگی تھی لیکن عدالت نے اُن کی استدعا منظور نہیں کی۔
اُدھر الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق 16 مارچ سے حلقہ بندیوں پر کام شروع ہوگا اور اس کی حتمی فہرست 28 جولائی کو تیار ہوگی۔







