امریکہ امن کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرتا رہے گا: صدر اوباما

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی صدر نےکہا ہے کہ ان کا ملک جنوبی اور وسطی ایشیا میں امن کے استحکام، دہشت گردی کے خاتمے اور علاقائی اقتصادی روابط کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق امریکی کانگریس میں قومی سلامتی کی حکمت عملی کے بارے میں خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔
انھوں نے افغانستان میں قیام امن میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
براک اوباما نے کہا ’ہم پاکستان سمیت اس خطے کے ان ممالک کے ساتھ تشدد کے خاتمے، علاقائی استحکام اور قیامِ امن کے لیے مل کر کام کریں گے۔‘
انھوں نے کہا کہ ہم اسٹریٹیجک استحکام کے فروغ، دہشت گردی کے خاتمے اور جنوبی اور وسطی ایشیا میں علاقائی اقتصادی انضمام کے لیے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔
ادھر امریکی محکمۂ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اور بھارت خطے میں امریکی مفادات کے لیے اہمیت کے حامل ممالک ہیں۔
ایک سوال پر انھوں کہا کہ امریکہ افغان نیشنل آرمی کی تربیت اور معاونت کے لیے نیٹو اور دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے گذشتہ ماہ پاکستان کے دورے پر وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جان کیری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے بہتر تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں جنھیں سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔







