راولپنڈی دھماکہ: ہلاک ہونے والوں کی نمازِ جنازہ سخت سکیورٹی میں ادا

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کی امام بارگاہ ابو محمد رضوی میں خودکش دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی نمازِ جنازہ لیاقت باغ میں ادا کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان جماعت الاحرار نے قبول کی ہے۔
لیاقت باغ میں ادا کی گئی نمازِ جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ہفتے کی صبح ہی سے لیاقت باغ کے آس پاس سکیورٹی سخت کر دی گئی تھی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
یاد رہے کہ جمعہ کی شام راولپنڈی کے امام بارگاہ ابو محمد رضوی میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ابو محمد رضوی امام بارگاہ میں یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں محفلِ میلاد جاری تھی۔
ریجنل پولیس آفسر اختر عمر حیات لالیکا نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ حملہ آور نے امام بارگاہ کے مرکزی دروازے پر آ کر موٹرسائیکل روکی اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی گارڈ نے اسے اندر جانے سے روکا جس پر اس نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان جماعت الاحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان نے بی بی سی کو فون کر کے حملے ذمہ داری قبول کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







