سبی: بم دھماکے میں فرنٹیئر کور کا اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی میں ایک بم دھماکے میں فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔
سبی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے دہپال قبرستان کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔
اہلکار کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب فرنٹیئر کور کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔
اس دھماکے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم یونائیٹڈ بلوچ آرمی نے قبول کی ہے۔
فرنٹیئر کور کی جانب سے گذشتہ روز بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق سنہ 2014 کے دوران شدت پسندوں نے فرنٹیئرکور کے اہلکاروں پر 450حملے کیے جن میں 44 اہلکار ہلاک اور 129 زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق ایف سی کی کارروائیوں میں متعدد شدت پسند ہلاک اور زخمی ہوئے۔
فرنٹیئر کور کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس خندق کا بھی ذکر کیا گیا ہے جو بلوچستان میں افغانستان کی سرحد کے ساتھ کھودی جا رہی ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ سنہ 2014 کے اختتام تک فرنٹیئر کور نے 470 کلومیٹر خندق کھودی جس کا مقصد پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر سمگلروں اور شدت پسندوں کی دراندازی، منشیات اور اسلحے کی سمگلنگ پر نظر رکھنا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بیان کے مطابق ایف سی نے اغوا برائے تاوان کی مختلف وارداتوں میں ملوث 150 اغوا کاروں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 20 مغویوں کو بازیاب کروایا۔
انسانی سمگلنگ کے خلاف مہم کے دوران فرنٹئیر کور نے گذشتہ سال کے دوران بلوچستان کے مختلف علا قو ں سے 4,834 افراد کو گرفتار کیا۔







