گجرانوالہ: ’27 سالہ احمدی نوجوان کو قتل کردیا گیا‘

صوبہ پنجاب کےشہر گجرانوالہ میں نامعلوم افراد نے ایک 27 سالہ احمدی نوجوان لقمان احمد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
مقامی ڈی ایس پی مرزا روحیل صابر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’لقمان احمد علی الصبح اپنے ڈیرے پر جا رہے تھے کہ کھیتوں کے درمیان کسی نے انہیں انتہائی قریب سے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔‘
ڈی ایس پی کے مطابق یہ واقعہ بھڑی شاہ رحمٰن کے علاقے میں تھانہ کوٹ لدھا کی حدود میں پیش آیا اور بظاہر اس نوجوان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔
ڈی ایس پی نے اس بات کی تصدیق کی کہ قتل ہونے والے شخص کا تعلق احمدیہ برادری سے تھا۔
جماعت احمدیہ کے ترجمان سلیم الدین نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اس واقعے کے پیچھے بھی نفرت اور شدت پسندی کا عنصر نمایاں ہے اور یہاں بھی اس قتل سے چند دن پہلے مخالفین نے مقامی طور پر جلسہ کر کے جماعت احمدیہ کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔‘
یاد رہے کہ گجرانوالہ ہی میں اسی سال احمدیوں کے گھر وں کو آگ لگا کر 2 کمسن بچیوں اور ایک بزرگ احمدی خاتون کو ایک پر تشدد ہجوم نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جس کے مقدمے میں بھی ابھی تک کسی ایک فرد کو اس جرم میں گرفتار نہیں کیا گیا۔



