امریکی سفیر کی عمران خان سے ملاقات

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومت کے درمیان 30 نومبر کے جلسے کے حوالے سےتعطل کی سی کیفیت کے پس منظر میں اسلام آباد میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بنی گالہ میں عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔
پی ٹی آئی کی ترجمان شیریں مزاری نے بی بی سی کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے بنی گالہ میں امریکی سفیر کی درخواست پر ان سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے ایجنڈے کے بارے میں پوچھنے پر پی ٹی آئی کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ’موجود صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، پی ٹی آئی کا موقف پہلے سے سامنے ہے اور اسی کو دوبارہ دہرایا گیا۔‘
رچرڈ اولسن سے ملاقات میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی بھی شامل تھے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ’پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کے لیے قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے، 30 نومبر کے جلسے کے بارے میں فریقین کے درمیان رابطے جاری ہیں اور امید ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔‘
اپنے بیان میں وزیرداخلہ نے پی ٹی آئی کو تجویز دی کہ وہ 30 نومبر کے جلسے کے بعد مذاکرات کی میز پر آ جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جلسے کے لیے ان کی اجازت کی ضرورت نہیں بلکہ قانون کی اجازت کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان گذشتہ 100 روز سے اسلام آباد میں دھرنا کر رہے ہیں۔ وہ وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے سے تو پیچھے ہٹ گئے ہیں تاہم 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کی عدالتی کمیشن کی زیرنگرانی تحقیقات میں خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور ایم آئی کے اراکین کو شامل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







