جہلم میں پی ٹی آئی کی ریلی پر فائرنگ، آٹھ افراد زخمی

زخمیوں کو جہلم کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنزخمیوں کو جہلم کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

جہلم کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرفراز ورک کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو جہلم کے علاقے گرمالہ میں پیش آیا۔

ان کا کہنا ہے کہ فریقین ایک دوسرے پر فائرنگ کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور علاقے میں سکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

زخمی ہونے والے افراد اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کے جہلم میں منعقدہ جلسے میں جا رہے تھے۔

زخمیوں کو جہلم کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ٹی آئی کی ریلی پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہلم میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس واقعے کی ذمہ داری مسلم لیگ نواز پر ڈال کر اپنا مذاق نہ بنوائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر دھرنا دے رکھا ہے۔ اس کے علاوہ وہ ملک کے مختلف شہروں میں جلسے بھی کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج جہلم میں جلسہ منعقد کیا گیا ہے۔