قصور واقعہ: انسداد دہشت گردی کے تحت 43 افراد گرفتار

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کے نواحی علاقے کوٹ رادھاکشن میں توہین مذہب کے نام پر ہلاک کیے جانے والے میاں بیوی کے مقدمے میں مقامی پولیس نے 43 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار کیے جانے والوں میں اینٹوں کے بھٹے کا مالک یوسف گجر بھی شامل ہے۔
اس مقدمے کے تفتیشی افسر محمد مقبول نے بی بی سی کو بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کو مقامی افراد اور مقتولین کے رشتہ داروں کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ ملزموں کے خلاف قتل، بلوے اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انھیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
تفتیشی افسر کے مطابق عدالت سے ان میں سے بعض ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی جائے گی جبکہ بعض ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
محمد مقبول کے مطابق ملزمان نے مقتول شہزاد مسیح اور اُس کی بیوی شمع کو جلانے سے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعدازاں اُنھیں اس آگ میں پھینک دیا جو کچی اینٹوں کو پکانے کے لیے جلائی گئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہepa
پولیس افسر کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس وقت ان دونوں میاں بیوی کو آگ میں پھینکا گیا اس وقت وہ نیم مردہ حالت میں تھے۔ تفتیشی افسر کے مطابق اس معاملے کی بھی چھان بین ہو رہی ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق اُنھیں مقتولین کی طرف سے قرآن پاک جلانے سے متعلق ابھی تک کوئی شواہد نہیں ملے، تاہم اُنھوں نے مقامی آبادی سے کہا ہے کہ اگر اُن کے پاس ایسے کوئی شواہد ہیں تو پولیس کو اس کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا تو اُس وقت بھٹے کا مالک یوسف گجر وہاں پر موجود تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی جامع تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
اُدھر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اس شادی شدہ جوڑے کو زندہ جلانے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان کے بارے میں ایک دن پہلے یہ افواہ پھیلی تھی کہ انھوں نے قرآن نذر آتش کردیا تھا جس پر لوگوں کے ہجوم نے انھیں حملہ کر کے قتل کر دیا، حالانکہ اس الزام کی حقیقت اب تک واضح نہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی اینٹوں کے بھٹے پر مزدوری کرتے تھے۔







