پاکستانی ہندوؤں کا دیوالی پر قومی تعطیل کا مطالبہ

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کی ہندو اقلیتی برادری کے رہنماؤں نے ہندوؤں کے اہم تہوار دیوالی کو قومی تعطیل قرار دیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستانی پارلیمان کے ایک رہنما ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ انھوں نے پیر کو یہ مطالبہ قومی اسمبلی کے سپیکر کے سامنے پیش کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ دیوالی کے دن کو قومی یومِ تعطیل کے طور پر اعلان کرنے سے دنیا میں پاکستان کی شبیہ بہتر ہوگی اور اس کے علاوہ یہ اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق میں بھی شامل ہے۔
ڈاکٹر رمیش کمار برسراقتدار پارٹی پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان ہندو کونسل کے سینیئر رکن ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ’دیوالی کے دن کو عام تعطیل کا دن قرار دینے سے پاکستان کی بین الاقوامی شبیہ بہتر ہوگی۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ اس سے یہ پیغام بھی جائے گا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے ساتھ کسی قسم کا امتیاز روا نہیں رکھتی۔

،تصویر کا ذریعہReuters
انھوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ہندوؤں کو دیوالی کے موقعے پر بونس بھی دیا جائے۔
ڈاکٹر رمیش نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر ہندو صوبہ سندھ میں رہتے ہیں جو کہ زیادہ تر غریب ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ حکومتیں ہندوؤں کو سالانہ بونس دیا کرتی تھیں لیکن اس حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ابھی تک ایسا کچھ نہیں کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکومت کی جانب سے ابھی اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہندو برادری کی جانب سے یہ مسئلہ اٹھایا گیا ہے اس سے پہلے بھی اس بارے میں باتیں ہوتی رہی ہیں۔
دیوالی جمعرات کو منائی جا رہی ہے۔







