’نواز شریف کی نااہلی:‘ لارجر بینچ کی درخواست مسترد

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے چیف جسٹس ناصر الملک نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی نااہلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
یہ درخواستیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسحاق خاکوانی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے دائر کی تھیں۔
ان درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق درخواستیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اس لیے ان درخواستوں کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔
اس کے علاوہ تحریک انصاف کے رہنما اسحاق خاکوانی نے ہی جسٹس جواد ایس خواجہ کو ان درخواستوں کی سماعت کے لیے بنائے گئے تین رکنی بینچ سے الگ کرنے کی درخواست دائر کی تھی جو مسترد کر دی گئی۔
جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ دو اکتوبر جمعرات سے ان درخواستوں کی دوبارہ سماعت کرے گا۔
ان درخواستوں کی گذشتہ ابتدائی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل عرفان قادر نے عدالت سے زبانی استدعا کی تھی کہ ان درخواستوں کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے، جس پر بنچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ لارجر بینچ کی تشکیل کا اختیار چیف جسٹس کے پاس ہے لہٰذا اُنھیں تحریری درخواست دی جائے۔
ان درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نواز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے ختم کرنے سے متعلق فوج کو سہولت کار کا کردار ادا کرنے سے متعلق غلط بیانی سے کام لیا ہے اس لیے وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اُترتے کیونکہ اب وہ صادق اور امین نہیں رہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فوج کے ترجمان کی طرف سے بیان سامنے آیا کہ وزیر اعظم نے آرمی چیف کو دھرنے ختم کرنے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کو کہا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں کہا تھا کہ حکومت نے فوج کو نہ تو مذاکرات کے لیے نہ تو کوئی ٹاسک دیا ہے اور نہ ہی فوجی قیادت نے ایسا کردار حکومت سے مانگا ہے تاہم وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریڈ زون کی سکیورٹی فوج کے ذمے ہے اور اگر اُنھیں کردار ادا کرنے کے لیے نہ بھی کہتے تو پھر بھی فوج کے دھرنا دینے والی جماعتوں سے بات چیت کرنی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سپریم کورٹ نے درخواست گزاروں کے وکیل سے کہا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں ہونے والی کارروائی اور وزیراعظم کو اُن کے عہدے سے ہٹانے کے لیے آئین کے آرٹیکل 68، 69 اور 95 کے بارے میں تیاری کر کے آئیں۔
آئینی ماہرین کے مطابق آئین کا آرٹیکل 68 اعلیٰ عدلیہ کے ججوں سے متعلق ہے کہ ججوں کا طرزِ عمل پارلیمنٹ میں زیر بحث نہیں لایا جا سکتا جبکہ آرٹیکل 69 کے تحت پارلیمنٹ میں ہونے والی کارروائی کو کسی عدالت میں زیر بحث نہیں لایا جا سکتا۔
آرٹیکل 95 میں وزیراعظم کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لیے عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق ذکر کیا گیا ہے۔ عدالت نے ان درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق ابھی فیصلہ کرنا ہے۔ عدالت کی جانب سے ان درخواستوں پر اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔







