بلوچستان: بم دھماکوں میں ایک ہلاک، 13 زخمی

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بم دھماکوں کے دو مختلف واقعات میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ 13 افراد زخمی ہو گئے۔
ان میں سے ایک دھماکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سینیچر کی شب ہوا۔
کوئٹہ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ایک سائیکل پر دھماکہ خیز مواد نصب کرکے اسے اسمگلی روڈ پر ایک دکان کے قریب کھڑا کیا تھا۔
دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے کم از کم 11افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے، اور انھیں علاج کے لیے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔
بم دھماکے کا دوسرا واقعہ ایران سے متصل ضلع کیچ میں پیش آیا۔
کیچ میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے کیچ کے علاقے بیری میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔ دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹ گیا جب وہاں سے ایف ڈبلیو او کی ایک گاڑی گزر رہی تھی۔
دھماکے سے ایف ڈبلیو او کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایف ڈبلیواس علاقے میں سڑک کی تعمیر میں مصروف ہے۔
دو روز قبل اس ضلع کے علاقے شاپک میں بھی ایک بم دھماکے میں ایف ڈبلیو او کا ایک اہلکار ہلاک ہوا تھا۔
بیری کے علاقے میں رونما ہونے والے واقعے کی تاحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم دو روز قبل شاپک کے علاقے میں بم حملے کاجو واقعہ پیش آیا تھا اس کی ذمہ داری کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی۔







