کنٹینروں کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے: لاہور ہائی کورٹ

عدالت نے سڑکوں سے غیر ضروری کنٹینر ہٹانے اور پنجاب بھر میں پٹرول کی بلا تعطل فراہمی کا حکم دیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنعدالت نے سڑکوں سے غیر ضروری کنٹینر ہٹانے اور پنجاب بھر میں پٹرول کی بلا تعطل فراہمی کا حکم دیا
    • مصنف, مناء رانا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس افتخار حسین شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریوں اور کنٹینر لگا کر راستے روکنے کے خلاف ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سڑکوں سے غیر ضروری کنٹینر ہٹانے اور پنجاب بھر میں پٹرول کی بلا تعطل فراہمی کا حکم دیا ہے۔

درخواست گزاروں کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ انھوں نے آئی جی پنجاب کے ساتھ مذاکرات کیے جس میں اس بات پر اتفاق رائے ہوا کہ لاہور کے علاقےماڈل ٹاون اور اس کے اردگرد کی سڑکوں سے غیر ضروری کنٹینر ہٹا دیے جائیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں تاہم سکیورٹی کے لیے ضروری کنٹینر لگے رہیں گے۔

عدالت نے حکم دیا کہ پٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈی سی اوز اس کی نگرانی کریں۔

لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے ’آزادی مارچ‘ روکنے کے لیے ایک دوسری پیٹیشن کی درخواست کی سماعت بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے وکیل کو عمران خان سے ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

جسٹس خالد محمود خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منگل کو مقدمے کی سماعت شروع کی تو ’آزادی مارچ‘ روکنے کی درخواست دینے والوں کے وکیل اے کے ڈوگر نے عدالت سے کہا کہ عدالت لانگ مارچ روکنے کے لیے تحریک انصاف کو مذاکرات کا حکم دے۔

تحریک انصاف کے وکیل احمد اویس نے عدالت کو بتایا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے اور تحریکِ انصاف کے جلسے جلوس ہمیشہ پر امن رہے۔ ایڈوکیٹ احمد اویس نے عدالت سے کہا کہ مذاکرات اور بات چیت کا وقت ختم ہو چکا ہے۔

تحریکِ انصاف کے وکیل احمد اویس نے عمران خان سے ہدایات لینے کے لیے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے احمد اویس کو عمران خان سے ہدایات لے کر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔