چینی سیاح کے اغوا کاروں کے خلاف کارروائی

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کا کہنا ہے کہ چینی سیاح کے اغوا میں ملوث دو شدت پسند کمانڈروں کے خلاف کارروائی کر کے ان کے ٹھکانوں کو مسمار کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے والد اور بھائی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی پولیس سربراہ صادق حسین بلوچ نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعے کی صبح پولیس نے قبائلی علاقے کے سرحد کے قریب تحصیل کلاچی کے علاقے کوٹ سلطان میں کارروائی کرتے ہوئے شدت پسند کمانڈر شیر علی اور ان کے ساتھی عبدالرحمان عرف دوری کے مکانات پر چھاپے مارے اور ان تلاشی لی گئی۔
انھوں نے کہا کہ شدت پسندوں کے مکانوں کے قریب واقع ان کے تین ٹھکانوں کو بھی مسمار کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق سرچ آپریشن میں عسکریت پسندوں کے والد اور ان کے ایک بھائی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے قائم کردہ مدرسے کی بھی تلاشی لی گئی جہاں سے فرقہ واریت کو ہوا دینے والا مواد برآمد کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ دونوں کمانڈر چینی سیاح ہونگ بوڈانگ کے اغوا میں ملوث ہیں اور ان کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے بتایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ چینی سیاح ہونگ بوڈانگ کو تقریباً دو ماہ قبل مسلح افراد نے ڈیرہ اسماعیل خان کے درابن روڈ سے اغوا کیا تھا۔
بتایا جاتا ہے چینی شہری سائیکل کے ذریعے دنیا کا سفر طے کرنے کےلیے ڈیرہ اسماعیل خان سے بلوچستان کی طرف جارہے تھے کہ انھیں اغوا کر لیاگیا۔ پولیس کے مطابق چینی سیاح نے اپنے سفر کے بارے میں پاکستان یا چینی حکام کو اطلاع نہیں دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







