مستونگ میں سیاح پر حملہ، حفاظتی عملے کے چھ اہل کار ہلاک

مستونگ میں اس سے پہلے کئی مرتبہ شیعہ زائرین پر حملے ہو چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمستونگ میں اس سے پہلے کئی مرتبہ شیعہ زائرین پر حملے ہو چکے ہیں

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ایران کے راستے پاکستان آنے والے سپین کے سائیکل سوار سیاح پر حملے میں اس کی حفاظت پر مامور چھ لیویز اہل کار ہلاک ہو گئے ہیں۔

مستونگ کی ضلعی انتظامیہ کے ایک اہل کار محمد اعظم نے بی بی سی کو بتایا کہ سیاحوں پر درینگڑ کے قریب پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔

غیر ملکی سیاح کی حفاظت پر دس لیویز اہل کار تعینات تھے۔ ان کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا، جب چار اہل کار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہسپانوی سیاح بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ایف سی کے اہل کار بھی لیویز کی مدد کے لیے علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز علاقے میں حملہ آوروں کو تلاش کر رہی ہیں۔

سیاح اور لیویز کے زخمی اہل کاروں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق جہاں حملہ ہوا وہ پہاڑی علاقہ ہے اور وہاں موبائل سروس بھی نہیں ہے، جس کی وجہ سے معلومات پہنچنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔