کراچی: القدس ریلی پر فائرنگ، تین خواتین سمیت پانچ زخمی

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں القدس ریلی میں شرکت کے لیے جانے والی بس پر فائرنگ میں تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ جمعے کو پونے چار بجے کے قریب شاہراہ فیصل پر ٹیپو سلطان کراسنگ کے نزدیک پیش آیا ہے۔
ایس پی عابد قائمخانی کا کہنا ہے کہ یہ بس محمود آباد سے ایم اے جناح روڈ جا رہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کر دی جس میں تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
انھوں نے کہا کہ زخمیوں کو جناح ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی پیر محمد شاہ کا دعویٰ ہے کہ ان دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جنھوں نے حملہ آوروں کی معاونت کی تھی۔
دریں اثنا شہر میں ایم اے جناح روڈ پر شیعہ تنظیموں کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی القدس ریلی نکالی جا رہی ہے۔ ریلی کے لیے شہر کی اس مصروف سڑک پر ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس کی گزر گاہ کنٹینروں اور بسوں کی مدد سے سیل کر دی گئی ہے۔
کراچی کے علاوہ ملک کے دوسری شہروں میں بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔



