جیو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

جیو اور جنگ گروپ نے فوج اور آئی ایس آئی سے معافی مانگی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجیو اور جنگ گروپ نے فوج اور آئی ایس آئی سے معافی مانگی ہے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ایک عدالت نے نجی ٹی وی چینل جیو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

جمعے کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر بلوچ نے یہ حکم دو درخواستوں پر دیا۔

یہ درخواستیں پاکستان ورکرز پارٹی کے سیکریٹری جنرل خدائے دوست کاکڑ اور قبائلی رہنماء نسیم ترین کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔

درخواست گزاروں نے اپنی درخواستوں میں مذکورہ چینل کے مارننگ شو کا حوالہ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ چینل نے اہل بیت کی توہین کی ہے۔

اس کے علاوہ ان درخواستوں میں یہ بھی موقف اختیار کیاگیا تھا کہ چینل نے ملکی سکیورٹی کے اہم ادارے آئی ایس آئی اور اس کے سربراہ پر بے بنیاد الزامات عائد کیے۔

درخواست گزاروں کہا تھا کہ انھوں نے سٹی پولیس سٹیشن اور جناح ٹاؤن پولیس سٹیشن میں مذکورہ چینل کے خلاف درخواستیں دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں پولیس تھانوں نے چینل کے خلاف مقدمات درج نہیں کیے۔ عدالت نے ان کی درخواست پر دونوں تھانوں کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔