’شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کی ہدایت‘

2008 سے حافظ گل بہادر گروپ اور حکومت کے درمیان وزیرستان کی سطح پر ایک امن معاہدہ موجود ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشن2008 سے حافظ گل بہادر گروپ اور حکومت کے درمیان وزیرستان کی سطح پر ایک امن معاہدہ موجود ہے
    • مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسند حافظ گل بہادر گروپ نے ایک پمفلٹ کے ذریعے مقامی لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے علاقے میں آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس پمفلٹ میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ دس جون سے پہلے پہلے علاقے سے نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔

خیال رہے کہ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ دنوں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کا فیصلہ نہیں کیا گیا اور حالیہ فوجی کارروائیاں اس حکمت عملی کا حصہ ہیں جس میں شدت پسندوں کے حملے کی صورت میں موثر جواب دیا جاتا ہے۔

شوریٰ مجاہدین شمالی وزیرستان کی طرف سے جمعے کو ذرائع ابلاغ کو بھیجے گئے اس پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے کافی عرصہ سے ان کے ساتھ کیا ہوا معاہدہ غیر اعلانیہ طور پر توڑا ہوا ہے تاہم اس کے باوجود وہ علاقے کے عوام کی خاطر اسے برداشت کرتے رہے۔

پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت اصل ہدف کی بجائے معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے جا رہی ہے۔

پمفلٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ معتبر معلومات کے مطابق حکومت نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے لہذٰا مقامی لوگوں کو چاہیے کہ وہ دس جون سے پہلے پہلے اپنے اہل و عیال کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کر دیں کیونکہ جنگ شروع ہو جانے کی صورت میں نقل مکانی نہیں ہو سکتی۔

فوج نے گذشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی میں درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا
،تصویر کا کیپشنفوج نے گذشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی میں درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا

پمفلٹ میں مقامی باشندوں کو کہا گیا ہےکہ وہ حکومت کی طرف سے بنائے گئے متاثرین کیپموں میں ہرگز نہ جائیں بل کہ ایسے مقامات کی طرف جائیں جہاں سے افغانستان کی جانب نقل مکانی کرنا آسان ہو۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دس جون تک جو کوئی امن و اصلاح کی خیر لا سکے ضرور لائے بصورت دیگر ان کی طرف سے حتمی فیصلہ ہو چکا ہے۔

پمفلٹ میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوجی افسروں اور اداروں کے ساتھ میل ملاپ ہرگز نہ رکھیں اور دس جون کے بعد ہر قسم کے حکومتی قلعوں اور تحصلیوں کی طرف جانا ممنوع ہوگا جب کہ خلاف ورزی کی صورت میں سزا دی جائے گی۔

خیال رہے کہ حافظ گل بہادر گروپ کے طالبان کی طرف سے یہ پمفلٹ ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جب چند دن قبل ہی شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے تین روز تک بھرپور کارروائی کی گئی تھی جس میں جیٹ طیاروں اور جنگی ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا تھا۔

شمالی وزیرستان میں کشیدگی کی وجہ سے ہزاروں افراد علاقے سے نقل مکانی کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشمالی وزیرستان میں کشیدگی کی وجہ سے ہزاروں افراد علاقے سے نقل مکانی کر چکے ہیں

اس کارروائی میں حکام کے مطابق سو کے قریب عسکریت پسند مارے گئے تھے تاہم مقامی ذرائع نے ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ سو کے لک بھگ بتائی تھی۔ مرنے والوں میں عام شہری بھی بتائے جاتے ہیں جب کہ چند سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے تھے۔اس آپریشن کے دوران کئی مقامات اور دکانیں بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھیں جب کہ ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے تھے۔

اس آپریشن میں عام شہریوں کے مارے جانے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 2008 میں حافظ گل بہادر گروپ اور حکومت کے درمیان وزیرستان کی سطح پر ایک امن معاہدہ ہوا تھا جو بدستور برقرار سمجھا جاتاہے کیون کہ ابھی تک فریقین میں کسی کی طرف سے واضح طور پر امن معاہدہ توڑنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

تاہم حافظ گل بہادر گروپ کی طرف سے جاری حالیہ بیان سے یہ اشارہ ضرور ملتا ہے کہ اگر حکومت نے شمالی وزیرستان میں کوئی باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا تو ایسی صورت میں امن ٹوٹنے کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔