’نواز شریف بھارت جانے کے بارے میں دوبارہ سوچیں‘

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام،کراچی
پاکستان میں کلعدم جماعت جماعۃ دعوۃ کے سربراہ حافظ سعید احمد نے وزیر اعظم نواز شریف سے کہا ہے کہ وہ بھارت میں نریند مودی کی تقریب حلف برداری میں جانے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
کراچی میں محمد علی جناح کے مزار کے قریب ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید کا کہنا تھا کہ افغانستان میں عبداللہ عبداللہ کی کامیابی اور بھارت میں نریدندر مودی کی کامیابی عالمی سازش کا حصہ ہے دراصل امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ لینا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صحافی کارلوٹا نے اپنی حالیہ کتاب میں تحریر کیا ہے کہ ہم صورتحال کو سمجھ نہیں سکے، افغانستان میں امریکہ کو پاکستانی فوج نے شکست دی ہے۔
حافظ سعید نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگز اور بلوچستان کی صورتحال کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیا اور کہا کہ ایک حکمت عملی کے تحت یہ مذہبی منافرت اور عصبیت پھیلائی گئی ہے۔
اس جلسے میں تحریک انصاف، جمعیت علما اسلام سمیع الحق ، جمعیت علما پاکستان اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
حافظ سیعد کا کہنا تھا کہ نریندر مودی راشٹریہ سیوک سنگٹ سے تربیت یافتہ ہیں جس کا مقصد اکھٹنڈ بھارت ہے۔
حافظ سعید کا کہنا تھا کہ اگر میاں نواز شریف کو اتنی ہی ضرورت ہے تو پھر وہ نہرو لیاقت معاہدے کی بات کریں جس میں دونوں ممالک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اقلیتوں کے حقوق اور ان کی عبادت کا تحفظ کیا جائے گا۔
بھارت میں ممبئی حملوں کے سلسلے میں پاکستان سے حافظ سعید کو ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







