نواز شریف کا مودی کو فون، پاکستان آنے کی دعوت

،تصویر کا ذریعہAFP
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے بھارت کے عام انتخابات میں واضح برتری حاصل کرنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے نریندر مودی کو فون کر کے مبارک باد دی ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے نریندر مودی کو عام انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی اور ان کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔
دوسری جانب صدرِ مملکت ممنون حسین نے بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے نریندر مودی کو ایک پیغام میں انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے۔
واضح رہے کہ ابھی تک جو رجحانات آئے ہیں ان کے مطابق حزبِ اختلاف کی جماعت بی جے پی برسر اقتدار کانگریس سے بہت آگے ہے۔
کانگریس کے ترجمان راجیو شکلا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم شکست تسلیم کرتے ہیں اور اپوزیشن میں بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔‘
بھارت میں کروڑوں ووٹوں کی گنتی کا عمل جمعے کی صبح شروع ہوا۔ اسی کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا سب سے طویل انتخابی عمل اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔
ووٹنگ کے فوراً بعد رائے عامہ کے اعداد و شمار (ایگزٹ پولز) کے مطابق وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی بھاری فتح کی پیش گوئی کی گئی ہے، لیکن تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ماضی میں ایگزٹ پولز غلط بھی ثابت ہوئے ہیں۔
انتخابات میں جو پارٹی 272 نشستیں یا اس سے زیادہ حاصل کرے گی اسے ایوان میں اکثریت حاصل ہو جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بے جے پی اتحاد میں کل 28 پارٹیاں شامل ہیں اور ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ اتحاد 249 سے 340 سیٹیں جیت سکتا ہے۔







