ای سی ایل سے مشرف کا نام نکالنے کی درخواست مسترد

غداری کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے کہا تھا کہ پرویز مشرف کا نام خصوصی عدالت نے ای سی ایل میں نہیں ڈلوایا

،تصویر کا ذریعہnone

،تصویر کا کیپشنغداری کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے کہا تھا کہ پرویز مشرف کا نام خصوصی عدالت نے ای سی ایل میں نہیں ڈلوایا
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

وزارت داخلہ نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی جانب سے اُن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے سے متعلق درخواست مسترد کردی ہے جس کے بعد مشرف کے وکلاء کا کہنا ہے کہ وہ اس حکومتی فیصلے کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔

<link type="page"><caption> ’مشرف کا نام نہ ہم نےڈالا نہ ہٹا سکتے ہیں‘</caption><url href="Filename: http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2014/03/140331_musharraf_tribunal_decision_ra.shtml" platform="highweb"/></link>

سابق فوجی صدر کی جانب سے 31 مارچ کو خصوصی عدالت کی طرف سے آئین شکنی کے مقدمے میں اُن پر فرد جُرم عائد کیے جانے کے بعد اُن کے وکلاء نے وزارت داخلہ کو پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی۔

وزارت داخلہ کے ایک سیکشن افسر عامر سہیل کی طرف سے پرویز مشرف کی اس درخواست پر لکھے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ اُن کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات متعدد عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اس لیے ایسے حالات میں اُن کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

پرویز مشرف کے وکلا کی ٹیم میں شامل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ وزارت داخلہ کے اس فیصلے کے خلاف عدالت میں جائیں گے کیونکہ خصوصی عدالت نے 31 مارچ کے اپنے حکم نامے میں کہا تھا کہ اگر کسی بھی ملزم کے خلاف فوجداری مقدمہ ہے تو اس پر بھی اُس کی نقل وحرکت کو محدود نہیں کیا جاسکتا۔

عدالت نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا تھا کہ پرویز مشرف کا نام خصوصی عدالت نے ای سی ایل میں نہیں ڈلوایا۔

دوسری جانب ایک درخواست سپریم کورٹ میں بھی دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق فوجی صدر کے خلاف سنگین نوعیت کا مقدمہ ہے جس کی پاکستانی قانون میں سزا موت یا عمر قید ہے۔

درخواست گُزار شاہد اورکزئی کا کہنا ہے کہ ایسے جرم میں ملوث شخص کی نقل حرکت پر بھی پابندی عائد کی جانی چاہیے۔