سابق صدر پرویز مشرف پر فردِ جرم عائد

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
اسلام آباد میں خصوصی عدالت میں جاری غداری کے مقدمے میں پاکستان کے سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
وہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے شخص ہیں جن کے خلاف آئین شکنی پر مقدمہ چل رہا ہے۔
<link type="page"><caption> مشرف پر غداری کا مقدمہ: کب کیا ہوا؟</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2014/03/140331_musharraf_treason_case_timeline_zs.shtml" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> ’جنرل صاحب، میں متعصب نہیں ہوں‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2014/03/140331_musharraf_indicted_colour_zs.shtml" platform="highweb"/></link>
پیر کو سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس طاہرہ صفدر نے آئین شکنی کے پانچ الزامات پر مشتمل فردِ جرم پڑھ کر سنائی تاہم ملزم نے صحتِ جرم سے انکار کیا اور خود پر عائد الزامات مسترد کر دیے۔
سماعت کے دوران پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ انھوں نے بطور صدر اور فوج سربراہ ملک کی خدمت کی اور غداری کے لفظ کا استعمال ان کے لیے تکلیف دہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نےجو کچھ بھی کیا ملک اور قوم کی بہتری کے لیے کیا اور ان پر عائد تمام الزامات بےبنیاد ہیں۔
اس موقع پر وکیلِ استغاثہ اکرم شیخ نے کہا کہ مقدمہ یہ نہیں کہ پرویز مشرف نے ملک یا قوم سے غداری کی ہے بلکہ معاملہ آئین شکنی کا ہے اور ’ہم پرویز مشرف کی ملک و قوم سے وفاداری پر کیس نہیں کر رہے‘۔
سابق فوجی صدر کو نومبر2007 میں ملک میں ایمرجنسی نافذ کر کے آئین کو پامال کرنے کے الزام میں آئینِ پاکستان کے آرٹیکل چھ کے تحت غداری کے مقدمے کا سامنا ہے اور اس مقدمے کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کر رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ سماعت میں عدالت نے ملزم پرویز مشرف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں آج یعنی 31 مارچ کو ہر صورت عدالت کے سامنے حاضر ہونے کا حکم دیا تھا تاکہ ان پر فردِ جرم عائد کی جا سکے۔
عدالت نے فیصلہ دے رکھا تھا کہ اگر پرویز مشرف عدالتی احکامات ماننے سے انکار کرتے ہیں تو پولیس انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرے اور اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے افسران کی ٹیم بھی تشکیل دی گئی تاہم پرویز مشرف نے خود عدالت میں آنے کا فیصلہ کیا۔
پیر کو پرویز مشرف کی پیشی کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے اور چار مختلف مقامات پر روٹ لگائے گئے جن پر دو ہزار سے زیادہ اہلکار تعینات تھے۔
عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کے بعد پیر کو پرویز مشرف کے وکلا میں سے کوئی عدالت میں پیش نہیں ہوا تاہم ملزم کے ہمراہ بیرسٹر فروغ نسیم عدالت میں پہنچے اور وہی آج دلائل دے رہے ہیں۔
سابق صدر کے وکلا کی ٹیم کے رکن احمد رضا قصوری تاخیر سے عدالت تو پہنچے تاہم انھیں احاطے میں داخل ہونے نہیں دیا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ وہ وکیل کی حیثیت سے نہیں بلکہ پرویز مشرف کی جماعت کے رکن کی حیثیت سے آئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خصوصی عدالت کے ایک جج گذشتہ پیشی پر سماعت سے دست بردار ہو گئے تھے اس لیے اصولی طور پر بینچ ٹوٹ چکا ہے اور اس کی کوئی آئینی، قانونی یا اخلاق حیثیت ہیں۔
خیال رہے کہ 27 مارچ کو مقدمے کی سماعت کے دوران خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل عرب پرویز مشرف کے وکیل کے رویے سے ناراض ہو کر مقدمے کی سماعت کے دوران اٹھ کر چلے گئےتھے۔ تاہم بعدازاں عدالتی حکم میں کہا گیا تھا کہ وہ بینچ سے الگ نہیں ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ پرویز مشرف اس وقت کسی حکومتی ادارے کی تحویل میں نہیں ہیں اور ان پر قائم تمام مقدمات میں وہ ضمانت پر رہا ہیں۔







