بدین: ’مقدس نام کی بے حرمتی‘3 ہندو گرفتار

،تصویر کا ذریعہSHIRAZ HASSAN
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
سندھ کے ضلعے بدین میں مذہبی جذبات بھڑکانے اور فساد کرانے کی سازش کے الزام پولیس نے ہندو کمیونٹی کے تین افراد کا تین روز کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔
ویرسی کولھی، اشوک میگھواڑ اور نریش میگھواڑ کو جمعرات کو سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ دوئم ماتلی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
<link type="page"><caption> اندرونِ سندھ میں بڑھتی شدت پسندی</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2013/04/130422_extemism_in_sindh_rk.shtml" platform="highweb"/></link>
دنبالو پولیس تھانے پر مولوی اکرام اللہ نے مقدمہ درج کرایا ہے، پیر سخی عثمان شاہ گاؤں کی مرکزی سڑک پر لوگوں نے ہولی کے رنگ سے مقدس نام تحریر دیکھا، جس سے ان کے مذہبی جذبات بھڑکے۔
مولوی اکرام اللہ کی فریاد پر مقدمہ درج کرکے ویرسی کولھی، اشوک میگھواڑ اور نریش میگھواڑ کو گرفتار کیا گیا۔
مقدس نام کی مبینہ توہین کی اطلاع پر علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور بڑی تعداد میں مذہبی جماعتوں کے کارکن جمع ہوگئے۔ جس کے بعد مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، مقامی علما اور پولیس حکام پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی، جس نے تینوں افراد پر مقدمہ درج کرنا کا فیصلہ کیا، جن کے نام مولوی اکرام اللہ نے تجویز کیے۔
ایس ایچ او دنبالو پولیس شاہنواز خاصخیلی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد مقدمے میں ملزمان کو نامزد کیا گیا، جب ان سے سوال کیا گیا کہ ان مبینہ ملزمان کی کسی نے شناخت کی یا کسی نے یہ عمل کرتے ہوئے دیکھا تھا تو ایس ایچ او اس کا جواب نہیں دے سکے۔
بدین ضلعے میں گزشتہ چار ماہ میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے پہلے اکتوبر میں ایک قبرستان سے بھورو بھیل نامی ہندو نوجوان کی لاش قبر سے نکال کر اس کی بے حرمتی کی گئی تھی، بعض مذہبی جماعتوں کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے قبرستان میں اس کی تدفین کی گئی ہے، جبکہ بھیل کمیونٹی کا موقف تھا کہ وہ کئی دہائیوں سے اپنے مردے وہاں دفناتے آئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب سپریم کورٹ کے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے لاڑکانہ میں ہندو کمیونٹی پر حملے کی اطلاعات کا نوٹس لے کر عدالتی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے، کراچی رجسٹری میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سیشن جج لاڑکانہ کو ہدایت کی ہے پندرہ روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔
یاد رہے کہ ہندو کمیونٹی کے مذہبی تہوار ہولی کی شب لاڑکانہ میں بھی مقدس اوراق کی مبینہ بے حرمتی پر صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی، جس میں ہندو کمیونٹی کی دھرم شالا اور مندر کو نقصان پہنچایا گیا۔







