اسلام آباد: یوگا سینٹر کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے مضافاتی علاقے میں قائم آرٹ آف لوّنگ فاؤنڈیشن نامی یوگا سینٹر کو ہفتے کی رات نامعلوم افراد نے آگ لگا دی۔
یہ واقعہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے بنی گالا میں پیش آیا۔
بنی گالا پولیس سٹیشن کے مہرر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی ایف آئی آر کے مدعی اس ادارے کے چوکیدار حسن علی ہیں۔
پولیس کے مطابق ہفتے کی شام ساڑھے آٹھ بجے آٹھ سے نو نامعلوم افراد آرٹ آف لوّنگ پر آئے اور وہاں موجود چوکیداروں سے رقم مانگی۔
ایف آئی آر کے مطابق ’چوکیداروں نے افراد سے کہا کہ ان کے پاس رقم نہیں ہے۔ اس پر نامعلوم افراد نے تینوں چوکیداروں کو باندھ دیا۔‘
ایف آئی آر کے مطابق ان افراد کے پاس پہلے ہی سے پیٹرول موجود تھا اور انہوں نے تین کمروں میں پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
بنی گالا کی ایک رہائشی انجم رحمان نے بی بی سی کو بتایا کہ آرٹ آف لوّنگ اس سینٹر کی شریک چیئرمین شہناز من اللہ کے مکان ہی میں کھلا ہوا ہے۔ ان کے بقول جن کمروں کو آگ لگائی گئی ہے وہ گیٹ کے قریب ہی واقع ہیں۔
واضح رہے کہ آرٹ آف لوّنگ کا افتتاح شری شری روی شنکر نے سنہ 2012 میں کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
افتتاح کے موقعے پر انہوں نے کہا تھا کہ ان کے دورے کا مقصد پاکستان کے لیے امن کا پیغام لانا اور اسلام آباد اور کراچی میں اپنے آشرم کا افتتاح کرنا ہے۔
طالبان اور دیگر شدت پسندوں کے ساتھ بات چیت کرنے پر انہوں نے کہا تھا ’میں کھلے دل کے ساتھ طالبان اور دوسرے شدت پسند گروہوں کے ساتھ بات چیت کرنے کیے لیے تیار ہوں‘۔
’میں اپنی طرف سے پوری کوشش کروں گا اور طالبان تک امن کا پیغام پہنچاؤں گا۔ میں نے آج تک جہاں بھی اس قسم کی پہل کی ہے اس میں کامیابی ملی ہے‘۔







