سوات میں لڑکی ونی کرنے پر چھ گرفتار

سوات میں گذشتہ برس بچیوں کو ونی کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے(فائل فوٹو)

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنسوات میں گذشتہ برس بچیوں کو ونی کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے(فائل فوٹو)
    • مصنف, انور شاہ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سوات

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی وادی سوات میں صلح کی خاطر لڑکی کو ونی کیے جانے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔

بحرین کی مقامی پولیس کے مطابق اتوار کو مانکیال میں دو خاندانوں کے تنازعے کو ختم کرنے کے لیے مقامی سطح پر ہونے والے جرگے نے ایک 17 سالہ لڑکی کو ونی یا سوارہ قرار دیا۔

پولیس کے مطابق بحرین کے علاقے عمر خان نامی شخص تاج محمد کی اٹھارہ سالہ منگیتر کے ہمراہ فرار ہوا تھا جس پر دونوں خاندانوں کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔

علاقے کے مقامی جرگے اور عمائدین نے عمر خان کی 17 سالہ بہن کو ونی کے طور پر مخالف فریق کو دینے کا فیصلہ سنایا۔

خیال رہے کہ ونی اور سوارہ کے خلاف 2005 میں قانون کی منظوری کے بعد یہ قابل سزا جرم ہے اور تھانہ بحرین کے محرر عالمگیر کا کہنا ہے کہ پولیس نے جرگے کے چھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

گرفتار کیے جانے والوں میں مذکورہ لڑکی کے والد اور بھائی کے علاوہ جرگہ کرنے والے دو مقامی عمائدین بھی شامل ہیں۔

سوات کی پہلی خاتون وکیل صائمہ انور نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں ونی کی رسم کے خلاف قانون موجود ہے جس کے تحت اس میں ملوث افراد کو دس سال قید یا دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔

سوات میں گذشتہ برس ونی اور سوارہ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ضلع کے سپرٹینڈنٹ آف پولیس نوید خان نے بی بی سی کو بتایا کہ سوات میں جہاں 2012 میں ایسا صرف ایک واقعہ پیش آیا تھا وہیں سنہ 2013 کے دوران سورہ یا ونی کے 13 معاملات رپورٹ ہوئے جبکہ دو ہزار چودہ میں یہ پہلا معاملہ ہے۔

بحرین کے اس واقعے سے پہلے کالام اور مدین میں دو، دو اور مٹہ میں ایک لڑکی کو ونی قرار دیا گیا تھا۔

مبصرین کے مطابق سوات اور ملحقہ علاقوں میں ایسے واقعات کے تعداد سینکڑوں میں ہے تاہم علاقائی رسم و رواج اور خاندان کو بدنامی سے بچانے کی خاطر انہیں خفیہ رکھنے پر اتفاق کیا جاتا ہے۔

سوات میں ونی کے واقعات میں اضافے کے بعد عوام میں اس بات پر تشویش پائی جاتی ہے کہ اس قسم کے جرگوں پر حکومتی پابندی کے باوجود ان کا انعقاد کیوں کر ممکن ہے۔