ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت

پاکستان کے سابق وزیرِداخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمٰن ملک نے متحدہ قومی موومنٹ کو سندھ حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔
یہ پیش کش انھوں نے آج کراچی میں پیپلز پارٹی کے دوسرے رہنماؤں کے ہمراہ ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر نائن زیرو کا دورہ کرتے ہوئے کی۔
انھوں نے کہا ’میں پیپلز پارٹی کی قیادت کی طرف سے ایم کیو ایم کے دوستوں کے لیے پیغام لایا ہوں کہ آئیں ہم مل کر سندھ کی خدمت کریں۔‘
انھوں نے کہا کہ کراچی میں امن لانے کے لیے، سندھ کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اور سندھ میں نسلی امتیاز ختم کرنے کے لیے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو اکٹھا کام کرنے کی ضرورت ہے۔
سابق وزیرِ داخلہ نے مزید کہا ’اس وقت ملک کی جو صورتِ حال ہے اس میں ہم کسی قسم کی رسہ کشی کو نہیں سہہ سکتے۔ جو نئی حکومت آئی ہے ہمیں انھیں کُھل کر کھیلنے کا موقع دینا چاہیے۔‘
انھوں نے ملک میں جاری تشدد کی لہر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کے برسرِاقتدار آتے ہی بلوچستان اور کراچی میں تشدد ہوا ہے وہ جمہوریت کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔
انھوں نے اپنی تقریر کے دوران کہا ’اس وقت پاکستان کو توڑنے کے لیے بہت سی قوتیں اپنا کام دکھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پیپلزپارٹی نومنتخب حکومت کو یقین دلاتی ہے کہ وہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے جو بھی کارروائی کریں گے، ہم ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔‘
انھوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ نہیں بلکہ ’رینڈم کلنگ‘ (یعنی بے دریغ قتل و غارت) ہو رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس موقعے پر پیپلز پارٹی کے وفد میں شامل سینیئر رہنما پیر مظہرالحق نے کہا کہ سندھ کو جس اتحاد اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے وہ اس وقت پہلے سے بھی زیادہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں گذشتہ پانچ برس تو مکمل نہیں کر سکیں لیکن کوشش کریں گے کہ آئندہ پانچ برس سندھ میں حکومت کر سکیں۔







