باجوڑ ہسپتال کے قریب خودکش حملہ، چار ہلاک

خودکُش حملہ آور ایک خاتون تھی جو ہسپتال میں اندر داخل ہونے کی کوشش کررہی تھی: اہلکار
،تصویر کا کیپشنخودکُش حملہ آور ایک خاتون تھی جو ہسپتال میں اندر داخل ہونے کی کوشش کررہی تھی: اہلکار

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار میں ایک خودکُش حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار سمیت چار افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ سنیچر کی دوپہر صدر مقام خار میں ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال کے سامنے ایک خودکُش حملے میں چار افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خودکُش حملہ آور ایک خاتون تھی جو ہسپتال میں اندر داخل ہونے کی کوشش کررہی تھی۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ خودکُش حملہ اور خاتون کے سر اور دوسرے اعضاء ملے چکے ہیں جس سے ایسا معلوم ہورہا ہے کہ خاتون حملہ اور کی عمر پچاس سال کے قریب تھی کیونکہ ان کے سر کی بال سفید تھی اور مہندی سے بالوں کو سیاہ کردیاگیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کے قریب عام آبادی بُہت کم ہے اس لیے دھماکے میں نقصان بھی کم ہوا ہے۔ اہلکار کے مطابق اس واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے حادثے کا معائنہ کیا البتہ ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں ائی ہے۔

اس واقعہ کی ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی حکام نے کسی پر الزام لگایا ہے۔

یادرہے کہ باجوڑ ایجنسی میں گزشتہ سال شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی ایک بڑی کاروائی کے بعد امن امان قائم ہوچکا ہے جس میں سکیورٹی نے شدت پسندوں کو علاقے سے بے داخل کرنے کااعلان تھا۔