
شہباز شریف کے مطابق ان کے پیش کردہ ناموں سے اگر بہتر نام آئے تو وہ قبول کر لیں گے
صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی کے درمیان صوبے کے نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے اور اب یہ امکان بڑھ گيا ہے کہ یہ معاملہ بھی پارلیمانی کمیٹی کے پاس غور کے لیے جائےگا۔
حزب اختلاف کی جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ریاض نے پارلیمانی کمیٹی کے لیے تین نام وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دیے ہیں۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ راجہ ریاض نے پارلیمانی کمیٹی کے لیے حزب مخالف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے میجر ریٹائرڈ ذوالفقار گوندل ، شوکت بسرا اور مسلم لیگ قاف کے چودھری ظہیرالدین خان کے نام تجویز کیے ہیں۔
مسلم لیگ نون نے ابھی تک پارلیمانی کمیٹی کے لیے اپنے تین ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے راجہ ریاض کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے دو، دو نام تجویز کیےگئے لیکن دو دن گزرنے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔
گورنر پنجاب نے بدھ کی رات پنجاب اسمبلی کو تحلیل کر دیا تھا ور آئین کے مطابق وزیر اعلیْ اور حزب مخالف کی جماعت نے تین دونوں کے اندر نگراں وزیراعلیْ کے نام پر اتفاق کرنا ہے ورنہ یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔
وزیر اعلیْ پنجاب اور حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی کے پاس نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق کرنے کے لیے کل یعنی سنیچر کی رات بارہ بجے تک کا وقت ہے تاہم پارلیمانی کمیٹی کے رکن اور پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا کے مطابق یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائے گا۔
شوکت بسر ا نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی صوبے کے نگراں وزیراعلیْ کے نام پر اتفاق کرنے میں کامیاب ہوجائے گی اور یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس نہیں جائےگا۔
اس سے پہلے مسلم لیگ نون کے رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا تھا کہ صوبے میں حزب مخالف کی جماعت نے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے انہیں جو دو نام دیے ہیں وہ انہیں قابل قبول نہیں ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ پیشکش بھی کی کہ اگر حزب مخالف کی جماعت ان کے پیش کردہ ناموں سے بہتر نام پیش کرے گی تو وہ ایک سیکنڈ ضائع کے بغیر اس نام کو قبول کرلیں کے۔
مسلم لیگ نون نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان اور سابق بیوروکریٹ خواجہ ظہیر کے نام جبکہ حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی نے سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس زاہد حسین اور سابق چیف سیکرٹری پنجاب حفیظ اختر رندھاوا کے نام تجویز کیے ہیں۔






























