
پیپلز پارٹی نے عاصمہ جہانگیر کے علاوہ میاں عامر محمود اور حفیظ رندھاوا کے نام بھی تجویز کیے ہیں
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی نے صوبے میں نگران وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے ایک خاتون سمیت تین نام حکمران جماعت مسلم لیگ نون کو پیش کردیے ہیں۔
قائد حزب مخالف راجہ ریاض نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو ایک خط کے ذریعے نگران وزیر اعلیٰ کے ناموں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسر ا کے مطابق ان کی جماعت نے نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے عاصمہ جہانگیر، میاں عامر محمود اور حفیظ رندھاوا کے نام تجویز کیے ہیں۔
اس سے پہلے حکمران جماعت مسلم لیگ نون نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان اور سابق بیوروکریٹ خواجہ ظہیر کے نام تجویز کیے تھے۔
شوکت بسرا نے بی بی سی کو بتایا کہ نگران وزیر اعلیٰ کے نام تجویز کرنے سے پہلے مسلم لیگ قاف سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔
عاصمہ جہانگیر سپریم کورٹ بار اور انسانی حقوق کمیشن کی سابق سربراہ ہیں۔
میاں عامر محمود جنرل مشرف دور میں دو مرتبہ لاہور کے ضلعی ناظم رہے ہیں اور نجی ٹی وی کے سربراہ ہیں۔
حفیظ رندھاوا پنجاب کے سابق چیف سیکریٹری رہ چکے ہیں اور ان کا شمار سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے قریبی لوگوں میں ہوتا ہے۔
جماعت اسلامی نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس میاں اللہ نواز اور سابق بیورو کریٹ صفدر محمود کے نام تجویز کیے تھے۔
پنجاب اسمبلی کی آئینی مدت نو اپریل کو مکمل ہورہی ہے۔






























