
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق جمعرات کو دو افراد قندیل چوک پر واقع ویلڈنگ کی ایک دکان پر کام کر رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
پویس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حملے سے دکان پر کام کرنے والے دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔
انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایاگیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔
ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق صوبہ پنجاب کے علاقے رحیم یارخان سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق شواہد اور ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل گوادر ہی میں کوسٹل ہائی پر کام کرنے والے چھ مزدوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔
گوادر بلوچستان کے مکران ڈویژن کا حصہ ہے اور اس ڈویژن کا شمار بھی صوبے کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے متاثر ہیں۔






























