گوادر میں فائرنگ، فضائیہ کے 2 اہلکار ہلاک

آخری وقت اشاعت:  پير 28 جنوری 2013 ,‭ 16:23 GMT 21:23 PST
فائل فوٹو، ایف سی کے اہلکار

علاقے میں اس سے پہلے بھی سکیورٹی اہلکاروں پر حملے ہو چکے ہیں

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پاکستان فضائیہ کے دو اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پیر کو گوادر کے علاقے پسنی ٹاؤن میں فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔

حکام کے مطابق فضائیہ کے دو اہلکار پسنی کے بازار میں خریداری کر رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دونوں اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والا تیسرا فرد مقامی دکاندار بتایا جاتا ہے۔

ہوم سیکریٹری بلوچستان نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔

گورنر بلوچستان نواب ذوالفقارعلی مگسی نے ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر کمشنر مکران ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں اس سے پہلے بھی سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں پر کئی بار حملے ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل ستائیس جنوری کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی میں تشدد کے مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے تھے جبکہ پانچ افراد کو اغوا کر لیا گیا تھا۔

ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص اور تمام مغویوں کا تعلق امن فورس سے تھا۔

لیویز فورس ڈیرہ بگٹی کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ امن فورس پر حملہ سنیچر کو علی الصبح گنڈوئی کے علاقے دلبرمٹ میں پیش آیا۔

یہ حملہ نامعلوم مسلح افراد نے اس علاقے میں قائم امن فورس کے ایک کیمپ پر کیا تھا۔

اس حملے میں امن فورس سے تعلق رکھنے والا ایک شخص ہلاک اورتین زخمی ہوئے جبکہ حملہ آور امن فورس کے پانچ افراد کو اغوا کر کے لے گئے ۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>